
خلیج اردو
راولپنڈی:پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کا باقاعدہ آغاز آج سے ہو رہا ہے، جس کی افتتاحی تقریب راولپنڈی کے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں منعقد کی جائے گی۔ شائقین کرکٹ کے جوش و خروش کے ساتھ، کرکٹ کا یہ عظیم میلہ ایک مرتبہ پھر جگمگانے کو تیار ہے۔
چھ ٹیموں پر مشتمل پی ایس ایل 10 میں ملکی اور غیر ملکی ستارے اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کے لیے تیار ہیں۔ رنگا رنگ افتتاحی تقریب میں صوفی گلوکارہ عابدہ پروین، علی ظفر، ابرار الحق اور نتاشا بیگ اپنی آواز کا جادو جگائیں گے۔ شاندار آتشبازی سے اسٹیڈیم میں روشنی اور رنگ کا سماں باندھا جائے گا۔
افتتاحی میچ دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور دو بار کی چیمپئن لاہور قلندرز کے درمیان کھیلا جائے گا۔ کرکٹ کے شائقین اس مقابلے کے لیے پرجوش ہیں، جبکہ سیکیورٹی اور ٹریفک پلان بھی مکمل کرلیا گیا ہے۔
ایونٹ کی فاتح ٹیم کو 14 کروڑ 50 لاکھ روپے انعام دیا جائے گا، جب کہ رنرز اپ ٹیم کو 5 کروڑ 61 لاکھ روپے کی انعامی رقم دی جائے گی۔ پی ایس ایل 10 کا یہ سیزن شائقین کو سنسنی خیز لمحات، دلکش مقابلے اور یادگار شامیں دینے کے لیے تیار ہے۔
دوسری طرف اسلام آباد ٹریفک پولیس نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کرکٹ ٹیموں کی آمد و رفت کے پیش نظر دارالحکومت میں خصوصی ٹریفک پلان جاری کر دیا ہے۔ اس پلان کا مقصد شہر میں ٹریفک کو رواں دواں رکھنا اور سیکیورٹی کو یقینی بنانا ہے۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس کے مطابق پی ایس ایل ٹیموں کے لئے مقرر کردہ روٹس پر سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں، جن میں ایکسپریس ہائی وے، فیض آباد، کلب روڈ، مری روڈ، فیصل ایونیو، نائنتھ ایونیو اور سری نگر ہائی وے شامل ہیں۔ ان علاقوں میں ٹیموں کی نقل و حرکت کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا امکان ہے۔
ٹریفک کی مؤثر نگرانی کے لئے 300 سے زائد افسران و اہلکار تعینات ہوں گے۔ شہریوں کو متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے:
بلیو ایریا جانے والے ایچ-ایٹ انڈر پاس استعمال کریں۔
سیکٹر آئی اور ایچ کے لیے راولپنڈی پشاور روڈ سے سروس روڈ اختیار کریں۔
مری روڈ سے سرینہ اور فیض آباد کی جانب راول ڈیم روٹ بند رہے گا۔
ریڈ زون اور سرینہ ہوٹل کے لیے مارگلہ روڈ، ایکسپریس چوک، جناح ایونیو اور بری امام کا راستہ اختیار کریں۔
اسلام آباد چوک سے جی-الیون جانے کے لیے سروس روڈ اور مارگلہ روڈ استعمال کریں۔
شہری بہارہ کہو سے کوڑیانوالہ چوک سے سری نگر ہائی وے کی طرف آئیں۔
پارک روڈ سے داخلے کے لیے راول چوک، فیض آباد اور زیرو پوائنٹ کا راستہ اختیار کریں۔
مری روڈ، ایکسپریس وے یا آئی جے پی روڈ سے آنے والے فیض آباد اور زیرو پوائنٹ استعمال کریں۔
بری امام کی طرف سفر کرنے والے نادرا چوک کا استعمال کریں۔
ریڈ زون سے فیض آباد جانے کے لیے کنونشن سینٹر اور کلب روڈ کا راستہ اختیار کریں۔
ٹریفک پولیس نے شہریوں سے گزارش کی ہے کہ وہ 20 منٹ اضافی وقت رکھ کر سفر کا آغاز کریں تاکہ کسی ممکنہ تاخیر سے بچا جا سکے۔ ٹیموں کی نقل و حرکت کے دوران ہیوی ٹریفک کا اسلام آباد میں داخلہ ممنوع ہو گا۔
چیف ٹریفک آفیسر کے مطابق شہریوں کی رہنمائی کے لیے اسلام آباد ٹریفک پولیس مختلف مقامات پر موجود رہے گی اور وقتاً فوقتاً سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ٹریفک ایڈوائزری بھی جاری کی جائے گی۔ کسی بھی پریشانی کی صورت میں 1915 ٹریفک ہیلپ لائن یا ایف ایم 92.4 سے مدد حاصل کی جا سکتی ہے۔
چیف ٹریفک آفیسر نے شہریوں سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹریفک پولیس کے ساتھ تعاون کر کے شہر میں امن و امان اور سہولت کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔







