پاکستانی خبریں

وزیر اعظم کا بڑا ریلیف پیکیج: گھریلو اور صنعتی صارفین کیلئے بجلی سستی،وزیراعظم نے نئی قیمتوں کے اعلان کے وقت آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا

وزیراعظم نے نئی قیمتوں کے اعلان کے وقت آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا

خلیج اردو
اسلام آباد: وزیر اعظم نے گھریلو اور صنعتی صارفین کیلئے بجلی کے نرخوں میں نمایاں کمی کا اعلان کر دیا۔ قوم کیلئے بڑے ریلیف پیکیج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ تمام گھریلو صارفین کو اوسطاً فی یونٹ بجلی 34 روپے 37 پیسے میں فراہم کی جائے گی جبکہ صنعتی صارفین کیلئے فی یونٹ 40 روپے 60 پیسے مقرر کیا گیا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ گھریلو صارفین کیلئے بجلی 7 روپے 41 پیسے سستی کی گئی ہے جبکہ صنعتی صارفین کیلئے 7 روپے 59 پیسے فی یونٹ کمی کی گئی ہے۔ انہوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قوم کو ادنیٰ ریلیف پر مبارکباد دیتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں ہر سال 600 ارب روپے کی بجلی چوری ہو رہی ہے اور بجلی چوری روکنا اگلا ہدف ہوگا۔ وزیر اعظم نے عوام سے اپیل کی کہ چور پکڑنے میں مدد کریں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ جب حکومت سنبھالی تو پاکستان پر دیوالیہ ہونے کی تلوار لٹک رہی تھی، قوم اور کاروباری حضرات خوفزدہ تھے اور آئی ایم ایف بات سننے کو تیار نہ تھا۔ بجلی کے کارخانے چلانے کیلئے پیسے نہیں تھے اور ملک کو ڈیفالٹ کے کنارے لانے والے عناصر خوشی سے مرے جا رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ بجلی قیمتوں میں کمی کرنے کیلئے دن رات محنت کی اور پوری ٹیم کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔ نواز شریف کی قدم قدم پر رہنمائی شامل رہی اور سارے عمل میں آرمی چیف اور ان کے رفقاء کا کلیدی تعاون حاصل رہا۔

وزیر اعظم نے صدر آصف زرداری، بلاول بھٹو زرداری، خالد مقبول اور دیگر سیاسی رفقاء اور اتحادیوں کا شکریہ ادا کیا۔

مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے بجلی کی قیمتوں میں تاریخی کمی پر نواز شریف، شہباز شریف اور ان کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو بڑا ریلیف فراہم کیا گیا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button