
خلیج اردو
اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کی سیاسی و عسکری قیادت اور عوام کی جرات، حکمت اور قربانی کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے، جس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے ایران اسرائیل جنگ بندی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران نے اسرائیل کی جارحیت کا اپنے دفاع میں بھرپور اور موثر جواب دیا، جس سے مسلم دنیا کا وقار بلند ہوا۔
وزیراعظم نے کہا کہ نئے مالی سال میں معیشت کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کے ساتھ حکومت آگے بڑھ رہی ہے۔ بجٹ کی تیاری میں نائب وزیراعظم، وفاقی وزراء اور اتحادی جماعتوں کی کوششیں قابل ستائش ہیں، جبکہ صدر مملکت آصف علی زرداری اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے تعاون پر بھی انہوں نے اظہار تشکر کیا۔
انہوں نے کابینہ کو آگاہ کیا کہ امریکی صدر نے حالیہ علاقائی کشیدگی میں فیلڈ مارشل کی حکمت عملی کو کھلے دل سے سراہا ہے۔ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے بھی ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں خطے کی سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
کابینہ اجلاس میں آئندہ مالی سال کے فنانس بل کی قومی اسمبلی سے منظوری لینے کا فیصلہ کیا گیا، جس پر آج باقاعدہ عمل درآمد ہوگا۔






