
خلیج اردو
انقرہ – وزیراعظم شہباز شریف نے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان سے اہم ملاقات کی، جس میں نائب وزیراعظم، وزیر اطلاعات اور فیلڈ مارشل بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور ترکیہ کے تاریخی، ثقافتی اور دیرینہ تعلقات، مشترکہ اقدار اور ترقی و خوشحالی کے اہداف پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے پاک بھارت کشیدگی کے دوران ترکیہ کی جانب سے کی گئی حمایت پر ترک صدر کا شکریہ ادا کیا اور اسے دونوں ممالک کے درمیان لازوال دوستی کا مظہر قرار دیا۔
وزیراعظم نے ترکیہ کو قابل تجدید توانائی، آئی ٹی، زراعت اور تعمیرات کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی اور باہمی تجارت کو سالانہ 5 ارب ڈالر تک بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔ ملاقات کے دوران ساتویں اعلیٰ سطح اسٹریٹیجک کوآپریشن کونسل کے تحت طے شدہ فیصلوں پر عملدرآمد کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے کشمیر اور غزہ جیسے اہم عالمی مسائل پر مشترکہ موقف اپناتے ہوئے یکجہتی کا اظہار کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ترک عوام سے محبت، اخوت اور یکجہتی پر بھی شکریہ ادا کیا، اور دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔






