
خلیج اردو
اسلام آباد:وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملک کی حالیہ کشیدہ صورتحال اور بھارت کی جارحیت کے خلاف پاکستان کی جوابی کارروائی پر اہم سیاسی رہنماؤں سے رابطے کیے ہیں۔ وزیراعظم نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر، جمیعت علماء اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان، متحدہ قومی موومنٹ کے کنوینر خالد مقبول صدیقی، جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمن، بلوچستان عوامی پارٹی کے خالد حسین مگسی، اور پاکستان مسلم لیگ ق کے رہنما چوہدری سالک حسین سے ٹیلیفونک گفتگو کی۔
وزیراعظم نے رہنماؤں کو بتایا کہ بھارت نے پہلے پہلگام واقعے پر غیر جانبدارانہ تحقیقات سے انکار کیا، اور پھر نور خان ایئر بیس سمیت دیگر مقامات پر میزائل حملے کیے جن میں معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا گیا۔ وزیراعظم کے مطابق ان مسلسل جارحانہ اقدامات کے باوجود پاکستان نے تحمل کا مظاہرہ کیا، تاہم آج افواج پاکستان نے "آپریشن بنیان المرصوص” کے تحت مربوط اور طاقتور جواب دیتے ہوئے بھارت کی اُن فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا جہاں سے پاکستان پر حملے کیے گئے تھے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے آج بھارت کو منہ توڑ جواب دیا ہے اور بے گناہوں کے خون کا بدلہ لے لیا ہے۔ انہوں نے اپنی افواج کی پیشہ ورانہ مہارت، حوصلے اور تدبر کو سراہتے ہوئے پوری قوم کو اس کامیاب آپریشن پر مبارکباد دی۔
سیاسی رہنماؤں نے قومی یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے افواج پاکستان کی بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو خراج تحسین پیش کیا، اور وزیراعظم کو اس نازک وقت میں مکمل تعاون اور حمایت کا یقین دلایا۔ وزیراعظم نے بھی سیاسی قیادت کے اتحاد اور حمایت پر شکریہ ادا کیا۔






