
خلیج اردو
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ایک اجلاس میں ملک کی معیشت کو عالمی حالات کے باوجود مستحکم رکھنے کے لیے کفایت شعاری اور توانائی بچت کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ہفتہ وار اضافی چھٹی جمعہ کے روز ہوگی تاکہ توانائی کے استعمال میں کمی آئے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ کفایت شعاری کے حوالے سے اقدامات کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کروایا جائے جبکہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی سربراہی میں خصوصی ٹیم روزانہ کی بنیاد پر اقدامات کا جائزہ لے کر رپورٹ پیش کرے گی۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم نے مجتبیٰ خامنہ ای کو ایک تعزیتی خط بھی بھیجا، جس میں انہوں نے آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت پر تعزیت کا اظہار کیا اور نئے سپریم لیڈر کے عہدے سنبھالنے پر مبارک باد دی۔
وزیراعظم نے کہا کہ آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت کی وجہ سے پاکستانی عوام شدید دکھ میں ہیں اور مشکل وقت میں ایران کی قیادت اور عوام کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے ایران کے ساتھ تعاون اور مل کر کام جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق وزیراعظم کی یہ اقدامات اور ایران کے ساتھ تعلقات میں استحکام کی کوششیں پاکستان کی خارجہ اور داخلی پالیسی میں توازن قائم رکھنے کی حکمت عملی کا حصہ ہیں۔






