خلیجی خبریں

ایران کے حملے جاری رہنے پر قطر کا ردعمل، توانائی اور شہری تنصیبات کو نشانہ بنانا خطرناک مثال قرار، مذاکرات ہی واحد حل

خلیج اردو
قطر کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ توانائی اور شہری بنیادی ڈھانچے پر حملے انتہائی خطرناک مثال قائم کرتے ہیں اور اس طرح کی کارروائیاں بڑے انسانی المیے کا سبب بن سکتی ہیں۔

ترجمان کے مطابق قطر کا مؤقف ہے کہ تمام تنازعات کا حل مذاکرات کی میز پر ہی ممکن ہے اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی راستہ اختیار کرنا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں جب ایران خود قطر کو نشانہ بنا رہا ہے تو ایسے حالات میں قطر کے لیے ثالثی کا کردار ادا کرنا ممکن نہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ کشیدگی کے باوجود قطر اور ایران کے درمیان سفارتی رابطے مکمل طور پر منقطع نہیں ہوئے اور تنازع کے خاتمے کے لیے تمام متعلقہ فریقوں کے ساتھ رابطے جاری ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ شہری بنیادی ڈھانچے اور توانائی کی تنصیبات کو نشانہ بنانے سے خطے کے استحکام اور انسانی سلامتی کو شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔

تجزیہ کاروں کے مطابق قطر کی جانب سے مذاکرات پر زور اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ خلیجی ممالک خطے میں بڑھتی ہوئی جنگی صورتحال کو سفارتی ذرائع سے ختم کرنے کے خواہاں ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button