
خلیج اردو
اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ افواجِ پاکستان نے بھارتی جارحیت کا بھرپور اور طاقتور جواب دیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جوابی کارروائی میں ان مخصوص بھارتی ملٹری تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا جن سے پاکستانی سرزمین پر حملے کیے گئے تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ بے گناہ پاکستانیوں کے خون کا بدلہ لے لیا گیا ہے اور میں پوری قوم کو اس کامیاب آپریشن پر دل کی گہرائی سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ پہلگام واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کے لیے پاکستان نے پیشکش کی تھی لیکن بھارت نے اسے مسترد کر دیا۔ اس کے باوجود پاکستان نے صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا اور عالمی ضابطوں کا احترام کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر مولانا فضل الرحمان، بلاول بھٹو زرداری، خالد مگسی اور خالد مقبول صدیقی سمیت اہم سیاسی رہنماؤں سے رابطہ کیا۔ تمام رہنماؤں نے وزیراعظم کو مکمل تعاون اور قومی یکجہتی کا یقین دلایا۔ وزیراعظم نے ملکی سیاسی قیادت کا واشگاف الفاظ میں ساتھ دینے پر ان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف آج شام قوم سے اہم خطاب کریں گے جس میں وہ صورتحال پر قوم کو اعتماد میں لیں گے۔






