عالمی خبریںپاکستانی خبریں

قومی دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں، بھارت کی آبی جارحیت جنگی اقدام تصور ہوگی: پاکستان کی اقوام متحدہ میں سخت وارننگ

خلیج اردو
نیویارک: اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے بھارت کی آبی جارحیت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اگر بھارت نے پانی کا بہاؤ روکا تو اسے جنگی اقدام تصور کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عاصم افتخار نے کہا کہ بھارت نے پہلگام واقعے کے فوراً بعد پاکستان پر الزامات لگا دیے، جنہیں اندرونی سیاست کے لیے استعمال کیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست ہونے کے ناطے کشیدگی کو روکنے کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کی تجویز کو سراہتا ہے اور مناسب وقت پر اس اجلاس کے لیے باضابطہ درخواست بھی دی جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان اس سلسلے میں سلامتی کونسل کی صدارت کرنے والے ممالک سے مسلسل رابطے میں ہے، تاہم بھارت نے اقوام متحدہ کی ثالثی کی پیشکش پر غیرذمہ دارانہ انداز میں کوئی مثبت ردعمل نہیں دیا۔

عاصم افتخار نے مقبوضہ کشمیر کو ایک نیو کلیئر فلیش پوائنٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ سب پر عیاں ہے کہ بھارت کا ریاستی دہشت گردی کا ریکارڈ موجود ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بھارت بلوچستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں بھی ملوث رہا ہے۔

پاکستانی مندوب نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارت کے غیرذمہ دارانہ رویے اور علاقائی امن کو درپیش خطرات کا سنجیدگی سے نوٹس لے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button