
خلیج اردو
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب سے صرف کوڑا ہی نہیں، سیاسی گند بھی صاف کر رہے ہیں۔ لاہور میں ماحولیاتی تحفظ فورس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے متعدد شعبوں میں حکومتی کامیابیوں کا تذکرہ کیا اور کہا کہ ایک سال میں پاکستان کے حالات تبدیل ہو چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تحفظ فورس کا قیام ان کا دیرینہ خواب تھا، جس میں ای-بائیکس سکواڈ اور بلیو سکواڈ بھی شامل ہیں۔ وزیراعلیٰ نے ماحولیاتی مسائل کو سنجیدگی سے لینے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ دنیا موسمیاتی تبدیلی کے بڑے چیلنجز کا سامنا کر رہی ہے، اور ہم سموگ جیسے مسائل سے نمٹنے کے لیے ٹھوس اقدامات کر رہے ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ پہلی بار صوبے میں ماحولیاتی پالیسی مریم اورنگزیب کی قیادت میں بنائی گئی ہے، اور یہ خوش آئند ہے کہ لاکھوں لوگوں کا روزگار متاثر کیے بغیر اینٹوں کے بھٹوں سے پیدا ہونے والی آلودگی کے خلاف کام کیا جا رہا ہے۔
مہنگائی پر بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج 25 روپے والی روٹی 12 روپے میں دستیاب ہے، رمضان میں 10،10 ہزار روپے مستحقین کے گھروں تک پہنچائے گئے، اور اب ملک میں مہنگائی کی شرح تاریخ کی کم ترین سطح پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں بجلی کی قیمتیں کم ہوئیں، اور ملک ڈیفالٹ کے خطرے سے نکل چکا ہے۔
تعلیم و صحت سے متعلق اقدامات پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سرکاری اسپتالوں میں اب مریضوں سے کوئی پیسے نہیں لیے جائیں گے، جبکہ تعلیم کے شعبے میں بھی بہتری کی کوششیں جاری ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ “اپنی چھت، اپنا گھر” پروگرام کے تحت اب تک 30 ہزار افراد کو مالی مدد فراہم کی جا چکی ہے، اور آئندہ چند دنوں میں پنجاب میں مزید 1500 الیکٹرک بسیں شامل کی جائیں گی جو ہر شہر اور گاؤں میں نظر آئیں گی۔
انہوں نے اختتام پر کہا کہ ماضی کی حکومتیں عوام کے بجائے اپنے خزانے بھرتی رہیں، مگر ہماری حکومت نے محنت اور لگن سے معیشت کو بہتر بنایا اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا۔






