
خلیج اردو
اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں طوفانی بارش اور شدید ژالہ باری نے نظام زندگی درہم برہم کر دیا، بڑے سائز کے اولوں کے باعث گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور گاڑیوں پر ڈینٹ پڑ گئے۔ ژالہ باری کے بعد سڑکیں سفید ہو گئیں جبکہ موسم خوشگوار ہو گیا۔
پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی بارش اور ژالہ باری کے مناظر دیکھنے میں آئے۔ بٹگرام میں بارش اور تیز ہواؤں کے باعث موسم شدید سرد ہو گیا، شہریوں نے گرم ملبوسات نکال لیے۔ کوہاٹ اور خیبر کے علاقوں میں موسلادھار بارش کے ساتھ لنڈی کوتل بازار، گاگرہ اور دلخاد روڈ پر ژالہ باری کے بعد سیلابی ریلے آئے جس سے سڑکیں زیرِ آب آ گئیں اور ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔
چلاس میں تیز ہواؤں کے باعث دیوار گرنے سے دو بھائی حادثے کا شکار ہو گئے، ایک بچہ جاں بحق اور دوسرا شدید زخمی ہو گیا جسے تشویشناک حالت میں اسلام آباد منتقل کر دیا گیا ہے۔ بالاکوٹ اور گردونواح میں موسلادھار بارش، ژالہ باری اور آندھی کے باعث فصلیں متاثر ہوئیں اور ندی نالوں میں طغیانی آ گئی۔ متعدد مقامات پر درخت زمین سے اکھڑ گئے جبکہ بارش کے دوران دن میں ہی اندھیرا چھا گیا اور علاقہ رات کا منظر پیش کرنے لگا۔
محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ 20 اپریل تک کوہاٹ، چترال، ایبٹ آباد اور باجوڑ کے پہاڑی علاقوں میں مزید گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے، جبکہ کراچی میں آئندہ ہفتے شدید گرمی پڑنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے جہاں درجہ حرارت 40 ڈگری سے تجاوز کر سکتا ہے۔






