
خلیج اردو
سرگودھا: پنجاب کے ضلع سرگودھا کی تحصیل کوٹ مومن میں ایسا المناک واقعہ پیش آیا جس نے پورے علاقے کو غم کی چادر میں لپیٹ دیا۔ ایک گھر کی چار دیواری میں کھیلتی چھ معصوم بچیاں اچانک زندگی کی بازی ہار گئیں۔ گندم ذخیرہ کرنے والے ڈرم میں پھنس کر دم گھٹنے سے وہ معصوم جانیں ایسی خاموشی سے رخصت ہوئیں کہ صدمے کی شدت الفاظ سے بیان نہیں کی جا سکتی۔
مرنے والی بچیوں میں 8 سالہ سمیہ، 7 سالہ مریم، 6 سالہ سونیا، 6 سالہ آمنہ، 4 سالہ سویرا اور صرف 1 سالہ دعا فاطمہ شامل ہیں۔ وہ سب آپس میں رشتہ دار تھیں، اور ایک دوسرے کے ساتھ کھیلتے کھیلتے گندم کے اس ڈرم میں چھپ گئیں جہاں سے کوئی واپس نہ آ سکا۔
وہ چیختی، بلکتی، سانسیں لینے کی کوشش کرتی رہیں، مگر بند ڈرم میں ان کی آوازیں باہر نہ پہنچ سکیں۔ جب تلاش کے بعد دروازہ کھولا گیا تو ماں باپ کی آنکھوں کے سامنے وہ منظر تھا جسے کوئی والدین کبھی خواب میں بھی نہ دیکھیں — ان کی گود کی بہاریں، خاموش، ساکت، ہمیشہ کے لیے سو چکی تھیں۔
پورے گاؤں پر سکتہ طاری ہے، ہر آنکھ اشکبار ہے۔ جنازوں پر ایسی کہرام کی فضا ہے کہ فضائیں بھی نوحہ خواں دکھائی دیتی ہیں۔ والدین پر قیامت گزر گئی ہے، مائیں اپنے ہاتھوں سے بچیوں کے کپڑے سنبھال کر رو رہی ہیں۔
ریسکیو حکام نے بتایا کہ بچیاں ممکنہ طور پر کھیل کے دوران ڈرم میں چھپ گئیں، جہاں آکسیجن ختم ہونے کے باعث ان کی موت واقع ہو گئی۔ ضلعی انتظامیہ نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، مگر اس دلخراش سانحے سے پیدا ہونے والا خلا کبھی پُر نہیں ہو سکتا۔






