
خلیج اردو
نیویارک: اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے کئی برسوں کی بلند ترین سطح قرار دیا ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک پر زور دیا ہے کہ موجودہ نازک مرحلے میں عسکری تصادم سے ہر قیمت پر گریز کیا جائے اور تحمل و دانشمندی کا مظاہرہ کیا جائے۔
سیکرٹری جنرل نے 22 اپریل کو بھارتی علاقے پاہلگام میں ہونے والے دہشت گرد حملے پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کی اور کہا کہ شہریوں کو نشانہ بنانا ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ذمہ داروں کو شفاف، منصفانہ اور قانونی طریقے سے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔
انتونیو گوتریس نے کہا کہ اقوام متحدہ دونوں ممالک کی حکومتوں اور عوام کے ساتھ تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور موجودہ صورتحال میں سفارت کاری کے ذریعے امن قائم کرنے میں مکمل مدد فراہم کرنے کو تیار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فوجی حل کوئی حل نہیں، اور یہی وقت ہے کہ دونوں ممالک امن کے لیے اقدامات کریں۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ خطے میں کشیدگی میں کمی، رابطے بحال کرنے، اور سفارتی ذرائع سے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن مدد دینے کو تیار ہے تاکہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کو یقینی بنایا جا سکے۔






