پاکستانی خبریںمتحدہ عرب امارات

وزیراعظم کے معاون خصوصی تابش گوہر متحدہ عرب امارات کے اقامہ ہولڈر نکلے

خلیج اردو: وزیراعظم پاکستان عمران خان کے معاون خصوصی پاور ڈویژن تابش گوہر بھی یواے ای کے اقامہ ہولڈر نکلے۔

نجی میڈیا کو موصول سرکاری دستاویز میں انکشاف ہوا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی پاور ڈویژن تابش گوہر (1999 )سے دبئی میں مستقل سکونت کا اقامہ رکھتے ہیں۔

وزیراعظم نے تابش گوہر کو یکم اکتوبر 2020 کو اعزازی طور پر اپنا معاون خصوصی پاور ڈویژن مقرر کیا تاہم انہوں نے اپنے یواےای کے اقامہ رکھنے کے حوالے سے عوامی سطح پر آگاہ نہیں کیا البتہ انہوں اس سال 12 فروری کو کابینہ ڈویژن کواپنی غیر ملکی سکونت کے حوالے سے تحریری آگاہ کیا ہے۔

تابش گوہر وزیراعظم عمران خان کی کابینہ کے پہلے رکن ہیں جو متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی کی مستقل سکونت کا پرمٹ رکھتے ہیں، وفاقی کابینہ میں مجموعی طور پر امریکا،کینیڈا، یواےای کی مستقل رہائش اور برطانوی شہریت کے حامل ارکان کی مجموعی تعداد 6 ہوگئی ہے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی امور اوورسیز پاکستانیز ذلفی بخاری برطانوی شہریت کے حامل ہیں اور حال ہی میں مستعفی ہونے والے دو معاونین خصوصی ندیم افضل چن کینیڈا جب کہ شہزادہ قاسم امریکا کی مستقل رہائش کا پرمٹ ( گرین کارڈ) رکھتے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کی موجودہ کابینہ میں معاون خصوصی سیاسی امور شہباز گل، معاون خصوصی امور قومی سلامتی معید یوسف، معاون خصوصی رؤف حسن اور معاون خصوصی پیٹرولیم ڈویژن ندیم بابر بھی امریکی گرین کارڈ ہولڈر ہیں۔

وزیراعظم کی کابینہ کے ایک وفاقی وزیر کی مبینہ غیر ملکی شہریت رکھنے اور چھپانے کا معاملہ عدالتوں اور الیکشن کمشن میں زیر سماعت ہے۔

وزیراعظم کی 49 رکنی کابینہ میں 28 وفاقی وزرا، 3 وزرائے مملکت، 4 مشیر اور 14 معاونین خصوصی شامل ہیں۔

وزیراعظم عمران خان اقامہ رکھنے پر سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی کابینہ ارکان کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے رہے ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button