
خلیج اردو
اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ و چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کی کوششیں رنگ لے آئیں، سری لنکا کی کرکٹ ٹیم نے پاکستان میں جاری ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ٹرائی نیشن سیریز کھیلنے کا فیصلہ کرلیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سری لنکن کھلاڑیوں نے وزیر داخلہ محسن نقوی کی جانب سے سیکیورٹی کی مکمل یقین دہانی کے بعد پاکستان میں ہی قیام اور میچ کھیلنے پر آمادگی ظاہر کردی۔
سری لنکا کے ہائی کمشنر نے کرکٹ ٹیم کے لیے کیے گئے سیکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ ٹیم مینجمنٹ اور تمام کھلاڑیوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام سے ملاقات کے بعد سیریز جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
اس سے قبل بعض سری لنکن کھلاڑیوں نے سیکیورٹی خدشات کے باعث تحفظات کا اظہار کیا تھا، جس کے بعد ٹیم کے ایک بڑے گروپ بشمول کوچنگ اسٹاف نے پاکستان میں قیام جاری رکھنے یا متبادل کھلاڑیوں کو بلانے کے آپشن پر غور کیا تھا۔ اس صورتحال کے باعث سیریز کے شیڈول میں تبدیلی کا امکان ظاہر کیا جارہا تھا۔
تاہم چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی بروقت مداخلت اور یقین دہانی کے بعد صورتحال معمول پر آگئی اور سری لنکن ٹیم نے پاکستان میں ہی سیریز جاری رکھنے کا باضابطہ فیصلہ کرلیا۔







