پاکستانی خبریں

پہلگام واقعہ: شہباز شریف کا بھارت کو کرارا جواب، برطانیہ کو تحقیقات میں شرکت کی دعوت

خلیج اردو
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان میں برطانیہ کی ہائی کمشنر جین میریٹ نے ملاقات کی جس میں پہلگام واقعے کے بعد خطے میں پیدا ہونے والی کشیدہ صورتحال اور پاک بھارت تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے بغیر کسی ثبوت کے پاکستان پر الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے واقعے کی شفاف اور غیر جانبدار بین الاقوامی تحقیقات کی اپنی پیشکش دہرائی اور برطانیہ کو اس میں شرکت کی دعوت دی۔

وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات پیر کے روز وزیراعظم ہاؤس میں ہوئی، جہاں وزیراعظم نے برطانوی ہائی کمشنر کو موجودہ علاقائی صورتحال پر پاکستان کے مؤقف سے آگاہ کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کی حکومت کی اولین ترجیح اقتصادی ترقی ہے اور ملک کبھی ایسا کوئی قدم نہیں اٹھائے گا جو خطے کے امن و استحکام کو نقصان پہنچائے۔

شہباز شریف نے اس بات پر بھی زور دیا کہ برطانیہ اپنے دوستانہ تعلقات کو استعمال کرتے ہوئے پاکستان اور بھارت کے درمیان امن کے فروغ کے لیے کردار ادا کرے۔ برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے وزیراعظم کے مؤقف کو سراہا اور کہا کہ برطانیہ علاقائی امن کے لیے پاکستان اور بھارت دونوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button