
خلیج اردو
لاہور:صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ بخاری نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے حالیہ بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ کسانوں کے نام پر سیاست چمکانے کی کوشش نہ کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو نے کسانوں کے معاملے پر سیاسی تڑکا لگایا اور ہماری پارٹی کے خلاف تلخ زبان استعمال کی، تاہم ہم جلسوں میں ان کی زبان کا جواب اسی انداز میں نہیں دیتے۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ اگر حکومت نے گندم نہیں خریدی تو کسانوں کو لاوارث بھی نہیں چھوڑا، بلکہ ان کے لیے واضح اور مؤثر اقدامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شاید بلاول بھٹو تک کسانوں کے لیے دی جانے والی پالیسی نہیں پہنچی، کیونکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کسانوں کو 109 ارب روپے کا تاریخی ریلیف پیکیج دیا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پنجاب حکومت طاقت کے استعمال پر یقین نہیں رکھتی، لیکن حالات کو خراب کرنے کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ زیادہ گندم اگانے والے کسانوں کے لیے انعامات کا اعلان کیا گیا ہے، اور جو کاشتکار پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن پر آئیں گے، انہیں نہ صرف مفت اشیاء فراہم کی جائیں گی بلکہ نقد انعامات بھی دیے جائیں گے۔