
**خلیج اردو**
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے منگل کے روز دھمکی دی ہے کہ وہ آئندہ سال بوسٹن کے نواحی علاقے میں ہونے والے فٹبال ورلڈ کپ میچز کو منسوخ یا منتقل کر سکتے ہیں، تاہم ماہرین کے مطابق میزبان شہروں کے تعین کا مکمل اختیار فیفا کے پاس ہے۔
فاکسبرو، میساچوسٹس — جو نیو انگلینڈ پیٹریاٹس کا ہوم گراؤنڈ ہے اور بوسٹن سے تقریباً 30 میل کے فاصلے پر واقع ہے — 2026 کے فیفا ورلڈ کپ کے دوران میچز کی میزبانی کے لیے منتخب مقامات میں شامل ہے۔
ٹرمپ نے ایک بیان میں بوسٹن کی ڈیموکریٹک میئر مشیل وو کو ’’ذہین مگر انتہاپسند‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’’ہم یہ میچز وہاں سے لے جا سکتے ہیں،‘‘ ساتھ ہی انہوں نے دعویٰ کیا کہ ’’بوسٹن کے کچھ حصے قبضے میں لیے جا چکے ہیں‘‘، مگر اس حوالے سے کوئی تفصیل فراہم نہیں کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’’میں بوسٹن کے عوام سے محبت کرتا ہوں، لیکن ان کی میئر اچھی نہیں۔‘‘
دوسری جانب بوسٹن کی میئر کے دفتر نے ٹرمپ کی دھمکی کا براہِ راست جواب دینے کے بجائے ایک بیان میں کہا کہ ’’بوسٹن ورلڈ کپ میچز کی میزبانی پر فخر محسوس کرتا ہے اور دنیا بھر کے فٹبال شائقین کو خوش آمدید کہنے کا منتظر ہے۔‘‘
فیفا کے نائب صدر وکٹر مونٹیگلیانی نے واضح کیا ہے کہ ’’ورلڈ کپ کے میزبان مقامات کا فیصلہ فیفا کا اختیار ہے۔ یہ ہمارا ٹورنامنٹ ہے، ہماری ذمہ داری ہے۔‘‘
واضح رہے کہ 2026 کا فیفا ورلڈ کپ امریکا، میکسیکو اور کینیڈا میں مشترکہ طور پر منعقد ہوگا، اور امریکا کے 11 شہروں میں میچز کھیلے جائیں گے۔
—






