سپورٹس

بھارت پاکستان کشیدگی کے باعث آئی پی ایل ایک ہفتے کے لیے معطل، پی ایس ایل کے میچز متحدہ عرب امارات منتقل

خلیج اردو
نئی دہلی: بھارت اور پاکستان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کو ایک ہفتے کے لیے معطل کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ جمعہ کو جاری کردہ بیان میں بی سی سی آئی نے کہا کہ موجودہ صورتحال کا مکمل جائزہ لینے کے بعد متعلقہ حکام اور شراکت داروں سے مشاورت کے بعد نئی تاریخوں اور مقامات کا اعلان کیا جائے گا۔

جمعرات کو ہماچل پردیش کے پہاڑی شہر دھرم شالہ میں جاری آئی پی ایل کا میچ اس وقت اچانک روک دیا گیا جب بھارت کے سرحدی علاقوں میں جھڑپیں شروع ہوئیں۔ تاہم بی سی سی آئی نے اس تعطل کی وجہ اسٹیڈیم میں بجلی کی بندش کو قرار دیا۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ "اگرچہ کرکٹ قوم کا جنون ہے، لیکن ملک کی خودمختاری، سالمیت اور سلامتی سے بڑھ کر کچھ نہیں۔”

آئی پی ایل کی معطلی بھارت کی سب سے بڑی کاروباری شخصیت مکیش امبانی کی ریلائنس اور ڈزنی کے درمیان 8.5 ارب ڈالر کے میڈیا انضمام کے بعد قائم ہونے والے مشترکہ منصوبے کے لیے ایک بڑا دھچکا ہے، جسے میچز کے براڈکاسٹ حقوق حاصل ہیں۔ ٹورنامنٹ سے وابستہ درجنوں کمپنیاں کروڑوں ڈالر کی تشہیر کے لیے سرمایہ لگا چکی ہیں، اور یہ معطلی ان کے لیے بھی شدید نقصان کا باعث بنے گی۔

مکیش امبانی کی کمپنی چھوٹے کاروباری اداروں کو آئی پی ایل کے ذریعے اپنی مصنوعات کی تشہیر کا موقع دے رہی تھی اور غیر روایتی نیوروسائنس مطالعات کے ذریعے آمدن میں اضافہ کی کوشش کر رہی تھی۔

آئی پی ایل کا موجودہ سیزن 22 مارچ کو شروع ہوا تھا اور فائنل میچ 25 مئی کو طے تھا، جس کے دوران ملک بھر کے 13 مختلف مقامات پر میچز کھیلے جانے تھے۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بھی کشیدگی کے اثرات قبول کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل ایکس کے باقی ماندہ آٹھ میچز اب متحدہ عرب امارات میں منعقد ہوں گے۔ یہ میچز پہلے راولپنڈی، ملتان اور لاہور میں ہونے تھے، تاہم اب موجودہ صورتحال کے پیش نظر انہیں یو اے ای منتقل کر دیا گیا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button