
خلیج اردو
آسٹریلیا میں قومی ہاکی ٹیم کے ساتھ بدسلوکی کے معاملے پر پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر طارق بگٹی استعفیٰ دینے پر مجبور ہو گئے۔ جاتے جاتے انہوں نے کپتان عماد شکیل بٹ پر 2 سال کی پابندی کا بھی اعلان کیا۔ طارق بگٹی نے بیرون ملک بدانتظامی کا ذمہ پاکستان سپورٹس بورڈ (PSB) پر ڈال دیا۔
میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ اپنا استعفیٰ وزیرِ اعظم شہباز شریف کو بھجوا دیا ہے اور وزیرِ اعظم اور فیلڈ مارشل کمیٹی بنا کر تحقیقات کروائیں۔ طارق بگٹی نے بتایا:
"آسٹریلیا میں ہوٹل بکنگ کے لیے PSB نے رقم وقت پر ادا نہیں کی۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے پاس اتنے فنڈز نہیں تھے کہ وہ اس وقت وہاں سب مینج کر سکے۔ پرو ہاکی لیگ کے فنڈز PSB کے پاس تھے، جو چیزیں سنبھالنے میں مکمل طور پر ناکام رہا۔”
صدر ہاکی فیڈریشن نے اپنی ٹیم کی کامیابی کا بھی ذکر کیا اور کہا:
"ہماری ورلڈ رینکنگ 18 ویں تھی، اب 13 ویں پوزیشن ہے۔ یہ ہماری بڑی اچیومنٹ ہے۔”
عماد بٹ اب 2 سال تک ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل ہاکی میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔







