
خلیج اردو
دبئی: انگلش پریمیئر لیگ کے مشہور فٹبال کلب لیورپول کے نوجوان پرتگالی اسٹار دیگو ژوٹا کی المناک موت پر دنیا بھر میں غم کی لہر دوڑ گئی، اور دبئی میں موجود لیورپول سپورٹرز کلب کے اراکین بھی اس صدمے سے دوچار ہیں۔
جمعرات کو دیگو ژوٹا اور ان کے بھائی آندرے سلوا ایک کار حادثے میں جاں بحق ہو گئے۔ ژوٹا کی عمر صرف 28 سال تھی اور انہوں نے محض دو ہفتے قبل اپنی دیرینہ دوست سے شادی کی تھی۔
لیورپول کا مشہور ترانہ "You’ll Never Walk Alone” جو عام طور پر اینفیلڈ میں گونجتا ہے، اس موقع پر ایک سوگوار نغمے کی شکل اختیار کر گیا، جب مداحوں نے ژوٹا کی یاد میں اسے خراج عقیدت کے طور پر گایا۔
دبئی کے وفادار مداحوں نے بھی یہ سانحہ گہرے رنج کے ساتھ سنا۔ Official Liverpool Supporters Club Dubai (OLSC Dubai) کے ایک رکن نے خلیج ٹائمز کو بتایا:
"یہ ہم سب کے لیے دل دہلا دینے والی خبر ہے۔ ہم ابھی تک یقین نہیں کر پا رہے۔”
کلب کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر دنیا بھر سے اظہارِ افسوس اور تعزیت کے پیغامات موصول ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا:
"لوگوں کی طرف سے جس محبت اور غم کا اظہار کیا جا رہا ہے، وہ دل کو چھو لینے والا ہے۔”
Dubai Reds کے نام سے معروف یہ مداحوں کا گروپ 2006 میں قائم ہوا اور اسی سال لیورپول ایف سی سے باقاعدہ الحاق حاصل کیا۔ اس کے 500 سے زائد متحرک اور مخلص اراکین مختلف قومیتوں اور ثقافتوں سے تعلق رکھتے ہیں۔
کلب نے اعلان کیا ہے کہ وہ جلد ژوٹا کی یاد میں ایک باقاعدہ خراجِ عقیدت کا پروگرام ترتیب دیں گے۔ فی الحال ایک سابق رکن، جو اب مستقل طور پر برطانیہ منتقل ہو چکے ہیں، انفیلڈ میں دبئی ریڈز کی جانب سے پھول اور یادگاری اشیاء رکھیں گے۔
کلب کے رکن نے مزید کہا:
"فی الحال یہ وقت ژوٹا کو یاد کرنے کا ہے۔ وہ نہ صرف ایک بہترین کھلاڑی تھا بلکہ ایک خاندانی شخص بھی تھا۔ ہم اس کی اہلیہ، بچوں اور والدین کے غم میں برابر کے شریک ہیں جنہوں نے ایک ہی وقت میں دو بیٹوں کو کھو دیا۔”
دیگو ژوٹا نے 2020 میں وولورہیمپٹن سے لیورپول میں شمولیت اختیار کی اور کلب کو اس کا ریکارڈ کے برابر 20واں لیگ ٹائٹل جتوانے میں اہم کردار ادا کیا۔ وہ حال ہی میں یوفا نیشنز لیگ بھی پرتگال کے ساتھ جیت چکے تھے۔







