
خلیج اردو
دبئی: یو اے ای میں ایک سروے کے مطابق 91 فیصد شہری ناشتہ کو دن کا سب سے اہم کھانا قرار دیتے ہیں۔ سروے پریمیئر اِن مڈل ایسٹ کی جانب سے کیا گیا جس میں بتایا گیا کہ تین چوتھائی یعنی 76 فیصد افراد روزانہ ناشتہ کرتے ہیں، 18 فیصد ہفتے میں کم از کم ایک بار اور صرف 2 فیصد بالکل ناشتہ نہیں کرتے۔
سروے میں ناشتہ نہ کرنے کی وجوہات میں وقت کی کمی (31 فیصد)، بھوک نہ لگنا (31 فیصد) اور دن میں بعد میں کھانا پسند کرنا (15 فیصد) شامل ہیں۔ تقریباً نصف شہری (47 فیصد) صبح 8 سے 10 بجے کے درمیان اور 43 فیصد 6 سے 8 بجے کے درمیان ناشتہ کرتے ہیں۔ ماہرین غذائیت کے مطابق یہ اوقات جسم کی قدرتی گھڑی کے مطابق موزوں ہیں۔
کلینیکل ڈائٹیشن متھن دے سرکار کا کہنا ہے کہ ناشتے سے دماغ کی یادداشت بہتر ہوتی ہے، بلڈ شوگر اور موڈ مستحکم رہتے ہیں اور دن بھر بار بار کھانے کی خواہش کم ہوتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ باقاعدگی سے ناشتہ کرنے والے بچوں کی تعلیمی کارکردگی اور بڑوں کی توجہ زیادہ بہتر ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر وقت کم ہو تو صرف پانچ منٹ میں دہی، بیج اور بیریز پر مشتمل ہلکا پھلکا ناشتہ بھی دن کو بہتر بنا سکتا ہے۔
ناشتے کی پسندیدہ غذاؤں میں سب سے آگے انڈے ہیں جنہیں 88 فیصد افراد پسند کرتے ہیں۔ ان میں آملیٹ (36 فیصد) سب سے زیادہ پسند کیا جاتا ہے، اس کے بعد فرائی انڈہ (19 فیصد)، اسکریبلڈ (18 فیصد) اور اُبالے ہوئے انڈے (12 فیصد) شامل ہیں۔ اسی طرح 81 فیصد شہری تازہ پھلوں کو سب سے زیادہ صحت مند انتخاب سمجھتے ہیں جبکہ پین کیک (52 فیصد) کو سب سے مقبول ٹریٹ قرار دیا گیا۔ دیگر پسندیدہ اشیاء میں کروسان، ٹوسٹ، چیز، ساسیجز، ہیش براؤن، دہی اور سلاد شامل ہیں۔
مشروبات میں سب سے زیادہ مقبول کافی (69 فیصد)، جوس (66 فیصد)، چائے (43 فیصد)، پانی (40 فیصد) اور اسموڈی (24 فیصد) ہیں۔ ماہرین کے مطابق ناشتہ کرنے سے پہلے پانی پینا جسم کو ہائیڈریٹ کرتا ہے اور ذہنی چستی میں 25 فیصد تک اضافہ کرتا ہے۔
سروے میں 85 فیصد شرکاء نے کہا کہ ناشتہ دن کی شروعات کے لیے توانائی فراہم کرتا ہے۔ پریمیئر اِن مڈل ایسٹ کے مینیجنگ ڈائریکٹر سائمن لی کا کہنا تھا کہ ایک اچھی نیند اور بھرپور ناشتہ ایک دوسرے کے ساتھ جُڑے ہیں اور یہ تحقیق ہمیں اپنے مہمانوں کی ترجیحات کو سمجھنے میں مدد دیتی ہے۔
نتائج کے مطابق ناشتہ کرنے کی سب سے پسندیدہ جگہ ہوٹل (33 فیصد)، اس کے بعد گھر (32 فیصد) اور کیفے یا ریستوران (17 فیصد) ہیں۔ سروے میں شامل 98 فیصد افراد نے بتایا کہ ہوٹل میں قیام کے دوران وہ لازمی ناشتہ کرتے ہیں۔







