
خلیج اردو
غزہ پر اسرائیلی جارحیت کا سلسلہ جاری ہے، تازہ حملوں میں مزید 56 فلسطینی شہید ہو گئے ہیں، جب کہ اسرائیلی فوج نے غزہ کے واحد کیتھولک چرچ کو بھی اپنی بربریت سے نہ بخشا۔
مقامی ذرائع کے مطابق چرچ پر ہونے والے حملے میں دو فلسطینی شہید اور پادری سمیت متعدد افراد زخمی ہوئے۔ چرچ میں مسیحی اور مسلمان فلسطینیوں کے ساتھ ساتھ خصوصی بچوں کو بھی پناہ دی گئی تھی، جسے پناہ گاہ سمجھ کر محفوظ مقام مانا جا رہا تھا۔
ویٹی کن سے جاری بیان میں پوپ لیو نے چرچ پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کی ہے اور اسے ناقابل قبول اقدام قرار دیا ہے۔ انہوں نے ایک بار پھر غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ دہرایا اور امید ظاہر کی کہ خطے میں امن کے لیے فریقین کے درمیان جلد معاہدہ طے پا جائے گا۔
دوسری جانب امریکی میڈیا کے مطابق امریکا، قطر اور مصر کی جانب سے غزہ میں جنگ بندی کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ تینوں ممالک نے جنگ بندی سے متعلق نئی تجاویز بھی پیش کی ہیں تاہم قطر میں جاری اسرائیل اور حماس کے مذاکرات میں کوئی خاص پیش رفت نہیں ہو سکی۔







