خلیج اردو: متحدہ عرب امارات کی ریاستوں میں جہاں دنیا کے دیگر منفرد عجوبے اور سیاحتی مقامات ہیں، وہیں دبئی میں ایک بے مثال اور طویل ائر کنڈیشنڈ شاہراہ تعمیر کی تعمیر کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔
امارات کی ایک تعمیراتی کمپنی یو آر بی نے ایک طویل ائرکنڈیشنڈ شاہراہ تعمیر کرنے کا منصوبہ پیش کیا ہے، جو تقریباً 58 میل لمبی ہوگی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس پوری شاہراہ پر ایک خوبصورت چھت ہوگی
کمپنی کے مطابق منصوبے کو ’’دی لوپ‘‘ کا نام دیا جائے گا۔ یہ منفرد اور بے مثال شاہراہ دراصل پیدل گھومنے یا پھر سائیکل چلانے والے افراد کے لیے مخصوص ہوگی۔ اس کی خاص بات یہ ہوگی کہ پیدل یا سائیکل کے ذریعے دبئی میں کسی بھی جگہ پہنچنے کے لیے اس شاہراہ کو استعمال کیا جا سکے گا۔
جیسا کہ اس کے نام لوپ سے ظاہر ہے کہ یہ منفرد شاہراہ دبئی کے گرد گھماؤ کی صورت ہوگی، تاہم اس پر گاڑیاں نہ ہونے کی وجہ سے سرسبز راہداریاں بنائی جائیں گی تاکہ لوگ پیدل سیر سے لطف اندوز ہو سکیں۔
دوسری جانب کمپنی کی جانب سے دبئی کے صحرا کے لیے زرعی سیاحت کا ایک منصوبہ بھی پیش کیا گیا ہے جسے ایگری ہب کا نام دیا گیا ہے۔اس منصوبے کا مقصد ماحولیاتی تعلیم، ماحول دوست زراعت اور سر سبز سیاحت کو فروغ دینا ہے۔
دونوں منصوبوں کے لیے پانی اور توانائی کا حصول متبادل ذرائع سے ممکن بنایا جائے گا۔کمپنی کو توقع ہے کہ ائیر کنڈیشنڈ شاہراہ 2040 تک تیار ہو جائے گی جبکہ ایگری ہب پر کام کا آغاز 2024 میں ہو سکتا ہے