
خلیج اردو
دبئی: العین ریجن میں زاخیر جنکشن کو جدید طرز پر مکمل طور پر اپ گریڈ کر کے کھول دیا گیا ہے، جسے مقامی حکومت کی بنیادی ڈھانچے میں بہتری کے منصوبوں میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔ بلدیات و ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ (ڈی ایم ٹی) کے مطابق، 18 کروڑ 50 لاکھ درہم مالیت کے اس منصوبے کی تکمیل سے ٹریفک کے بہاؤ میں نمایاں بہتری اور ڈرائیوروں کے سفر کے وقت میں واضح کمی متوقع ہے۔
اس ترقیاتی منصوبے کے تحت پرانے چار طرفہ راؤنڈ اباؤٹ کو جدید سگنل کنٹرولڈ جنکشن میں تبدیل کیا گیا ہے۔ منصوبے کا سب سے بڑا حصہ 900 میٹر طویل تین لینز پر مشتمل ٹنل کی تعمیر ہے جو شارع حازع بن سلطان کے نیچے سے گزرتی ہے۔ یہ شاہراہ شہر کے شمالی اور جنوبی حصوں کو جوڑتی ہے اور العین کے مرکزی علاقے کے لیے نہایت اہم گزرگاہ ہے۔
نیا جنکشن نہ صرف فلج حازع کو مشرق کی سمت زاخیر سے جوڑتا ہے بلکہ شمال میں حازع بن سلطان راؤنڈ اباؤٹ اور جنوب میں شیعب الاشخر راؤنڈ اباؤٹ کے درمیان رابطہ بھی فراہم کرتا ہے۔ اس منصوبے کی بدولت زاخیر، شیعب الاشخر، شیعب الوتحہ اور عین الفیدہ کے رہائشیوں کے سفر کا وقت نمایاں طور پر کم ہو گیا ہے۔
یہ منصوبہ 22 ماہ میں مکمل ہوا اور العین میں ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے کی جامع حکمت عملی کا حصہ ہے، جس کا مقصد بڑھتی ہوئی آبادی کے تقاضوں کو پورا کرنا ہے۔
العین سٹی میونسپلٹی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر برائے انفراسٹرکچر عبداللہ حمدان العامری نے کہا کہ "نیا جنکشن العین ریجن میں عالمی معیار کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے لیے ہمارے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ یہ منصوبہ اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ ہمارا سڑکوں کا نیٹ ورک مضبوط، مؤثر اور شہریوں و زائرین دونوں کے لیے محفوظ رہے۔”







