متحدہ عرب امارات

بیک ٹو اسکول: دبئی RTA نے طلباء کے لیے جامع ٹریفک سیفٹی پلان متعارف کرا دیا

خلیج اردو
دبئی: دبئی کی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی (RTA) نے نئے تعلیمی سال 2025-2026 کے آغاز پر طلباء کی ٹریفک حفاظت یقینی بنانے کے لیے ایک جامع منصوبہ جاری کر دیا ہے۔ یہ منصوبہ اسکولوں کے اطراف میں ٹریفک بہتری کے اقدامات اور والدین، ڈرائیورز اور طلباء کے لیے آگاہی مہمات پر مشتمل ہے۔

RTA کے مطابق یہ اقدامات دبئی کی ٹریفک سیفٹی اسٹریٹجی کے اہم ستون کا حصہ ہیں، جس کا مقصد طلباء میں ٹریفک سیفٹی شعور پیدا کرنا ہے۔

مختلف عمر کے طلباء کے لیے آگاہی پروگرام

اتھارٹی نے متعدد پروگرام دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے، جن میں "گولڈن رولز فار جنریشنز سیفٹی” مڈل اسکول کے طلباء کے لیے، "ہیلو، مائی اسکول” کنڈرگارٹن اور پرائمری اسکول کے طلباء کے لیے، جبکہ "ورچوئل ڈرائیونگ لائسنس” ہائی اسکول کے طلباء کے لیے شامل ہیں۔

طلباء کے لیے QR کوڈ والے تحائف

نئے تعلیمی سال کے آغاز پر طلباء کو ایسے تحائف دیے جائیں گے جن پر QR کوڈز موجود ہوں گے، جو ڈیجیٹل ڈیزائنز کے ذریعے ٹریفک سیفٹی ہدایات فراہم کریں گے۔ اسی طرح والدین کے لیے بھی آگاہی تحائف تقسیم کیے جائیں گے جن پر محفوظ ڈراپ آف اور پک اپ کے رہنما اصول درج ہوں گے۔

پولیس کے ساتھ مل کر تیار کردہ پلان

RTA کے ٹریفک اینڈ روڈز ایجنسی کے سی ای او حسین البنّا نے کہا کہ یہ پلان دبئی پولیس کے تعاون سے بنایا گیا ہے تاکہ والدین اور ڈرائیورز کو طلباء کی حفاظت کے لیے رہنمائی فراہم کی جا سکے۔

صفر اموات کا ریکارڈ

البنّا نے بتایا کہ دبئی کے اسکولز میں اس وقت 230 سے زائد تعلیمی اداروں میں تقریباً 400,000 طلباء زیر تعلیم ہیں، جو 185 مختلف قومیتوں کی نمائندگی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ RTA نے حکومتی و نجی اداروں کے تعاون سے 2010 سے اب تک اسکول زونز میں ٹریفک حادثات سے اموات کا سلسلہ صفر پر برقرار رکھا ہے۔

مزید الیکٹرانک سائن بورڈز

اتھارٹی اسکولوں کے قریب مزید الیکٹرانک سائن بورڈز نصب کر رہی ہے، جو ڈرائیورز کو رفتار کم کرنے اور سیٹ بیلٹ باندھنے کی ترغیب دیں گے۔

والدین اور ڈرائیورز سے اپیل

نئے تعلیمی سال کے آغاز پر RTA نے والدین اور ڈرائیورز سے اپیل کی کہ وہ اسکول بسوں کے اشاروں پر عمل کریں، ڈراپ آف اور پک اپ کے لیے مختص مقامات استعمال کریں اور معذور افراد یا ایمرجنسی گاڑیوں کے لیے مخصوص جگہوں پر گاڑیاں کھڑی نہ کریں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button