خلیج اردو
ابوظہبی: متحدہ عرب امارات میں ایک بھارتی کک کی سڑک حادثے میں ہلاکت کے بعد عدالت نے ان کے خاندان کو مجموعی طور پر 4 لاکھ درہم معاوضہ دینے کا حکم دیا ہے۔ یہ رقم ابتدائی طور پر دیے گئے 2 لاکھ درہم دیہ کے علاوہ اضافی کلیم کے بعد ادا کی گئی۔
قانونی خدمات فراہم کرنے والی کمپنی YAB کے مطابق مرحوم مصطفیٰ اوڈایاپوراتھ، جن کا تعلق بھارتی ریاست کیرالہ کے ضلع مالاپورم سے تھا، 6 جولائی 2023 کو ابوظہبی میں حادثے کا شکار ہوئے۔ وہ بس سے اترنے کے بعد سڑک عبور کر رہے تھے کہ ایک کار نے ٹکر مار دی جس سے وہ موقع پر جاں بحق ہوگئے۔ فالکن آئی کیمرہ فوٹیج اور تحقیقات سے ثابت ہوا کہ حادثہ ڈرائیور کی غفلت کے باعث ہوا۔
ابوظہبی کرمنل کورٹ نے ڈرائیور پر 20 ہزار درہم جرمانہ اور 2 لاکھ درہم دیہ کی ادائیگی کا حکم دیا۔ تاہم YAB لیگل سروسز نے خاندان کی طرف سے انشورنس اتھارٹی میں اضافی معاوضے کا دعویٰ دائر کیا، جس پر عدالت نے انشورنس کمپنی کو مزید 2 لاکھ درہم ادا کرنے کی ہدایت دی۔ اس طرح خاندان کو کل 4 لاکھ درہم (تقریباً 95.5 لاکھ بھارتی روپے) ملیں گے۔
مرحوم کی اہلیہ حاجرہ نے کہا کہ یہ خبر انہیں بیٹی کی منگنی کے دن ملی، اور بیٹی کی شادی 11 ستمبر کو مقرر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مرحوم اپنی بیٹی کے لیے ایک نیا لباس خرید کر لائے تھے جو ان کے انتقال کے دن ان کے پاس موجود تھا۔ حاجرہ نے کہا کہ یہ معاوضہ ان کے بچوں کے مستقبل کے لیے بڑی سہولت ہے، اگرچہ یہ ان کے شوہر کو واپس نہیں لا سکتا۔
مرحوم کی عمر 49 برس تھی اور وہ ابوظہبی میں ایک عرب خاندان کے ہاں کک کی حیثیت سے کام کر رہے تھے۔ وہ ڈیڑھ دو سال بعد ہی گھر آتے تھے اور ہمیشہ بچوں کے لیے تحائف بھیجتے تھے۔ ان کے پسماندگان میں والدہ، بیوہ، ایک بیٹا اور ایک بیٹی شامل ہیں۔
وفاقی ٹریفک قانون کے تحت ڈرائیور اگر پیدل چلنے والوں کو کراسنگ پر راستہ نہ دیں تو انہیں 500 درہم جرمانہ اور چھ بلیک پوائنٹس مل سکتے ہیں، جبکہ حادثے میں چوٹ یا ہلاکت کی صورت میں سزائیں مزید سخت ہوجاتی ہیں







