
خلیج اردو
جی ٹی اے 6 کی ریلیز کے انتظار میں متحدہ عرب امارات کے گیمرز نے ملازمت سے چھٹیاں لے لیں، فون ڈو ناٹ ڈسٹرب پر لگانے اور کئی دن مسلسل گیم کھیلنے کی تیاریاں مکمل کرلیں، جبکہ ایک گیمر کام کے سلسلے میں عمان جاتے ہوئے اپنا پلے اسٹیشن 5، خصوصی کنٹرولر اور اسٹریمنگ کا سامان بھی ساتھ لے گیا۔
سنہ 2013 میں جی ٹی اے 5 کی ریلیز کے 13 سال بعد اس گیم کے نئے حصے گرینڈ تھیفٹ آٹو 6 کی آمد نے متحدہ عرب امارات میں گیمنگ کے شوقین افراد کو غیر معمولی تیاریوں پر آمادہ کردیا ہے۔ بعض افراد نے 19 نومبر کے لیے سالانہ چھٹی لے لی، کچھ نے اپنے کام کے اوقات تبدیل کیے، جبکہ کئی گیمرز گیم کی ریلیز کے وقت سے پہلے کھیلنے کے طریقے تلاش کر رہے ہیں۔
دبئی میں مقیم بھارتی شہری اور ڈیجیٹل مواد تخلیق کرنے والے رفیض احمد نے بتایا کہ انہوں نے بہت پہلے فیصلہ کرلیا تھا کہ 19 نومبر کا دن صرف جی ٹی اے کے لیے مختص ہوگا۔ تاہم کام کے سلسلے میں عمان جانے کا موقع ملا تو انہوں نے اپنا پورا گیمنگ سیٹ اپ ساتھ لے جانے کا فیصلہ کیا۔ اس کے لیے انہوں نے تین میٹر لمبی ایچ ڈی ایم آئی کیبل بھی خریدی تاکہ ہوٹل کے کمرے میں دیوار پر نصب ٹی وی کے ساتھ پلے اسٹیشن آسانی سے منسلک کیا جاسکے۔
رفیض احمد نے 19 اور 20 نومبر کی چھٹی لے رکھی ہے اور ان دنوں فون ڈو ناٹ ڈسٹرب موڈ پر رکھنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ دونوں دن صرف گیم کھیلیں گے اور کسی دوسرے کام پر توجہ نہیں دیں گے۔ ان کے مطابق جی ٹی اے 5 کی ریلیز کے وقت وہ ہائی سکول میں زیرتعلیم تھے اور والد سے گیم خریدنے کی درخواست کرتے تھے، جبکہ اب شادی شدہ زندگی میں اپنی کمائی سے یہ گیم خرید رہے ہیں، اس لیے اس سے ان کی ذاتی وابستگی بھی ہے۔
رفیض احمد نے جی ٹی اے تھیم والا کنٹرولر خریدا، کنسول کی اسٹوریج بھی بڑھائی اور اسٹریمنگ کے آلات میں سرمایہ کاری کی ہے۔ ان کے مطابق گیم سے متعلق پانچ ویڈیوز بھی پہلے سے تیار کرلی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے قریبی دوستوں نے بھی چھٹیاں لے لی ہیں، جبکہ کچھ افراد کام سے جلد فارغ ہونے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔
ایک اور غیر معمولی مثال دیتے ہوئے رفیض احمد نے بتایا کہ وہ ایسے شخص کو بھی جانتے ہیں جس نے اپنی اہلیہ کا بھارت کا سفر ایک ہفتہ پہلے کروا دیا تاکہ وہ چار سے پانچ دن اطمینان سے گیم کھیل سکے۔
دوسری جانب اماراتی گیمنگ مواد تخلیق کرنے والے عبدل نے ایکس باکس کی ریجن سیٹنگ تبدیل کرکے نیوزی لینڈ کے وقت کے مطابق گیم کھیلنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس طریقے سے وہ متحدہ عرب امارات میں گیم کی متوقع آدھی رات کی ریلیز سے نو گھنٹے پہلے، یعنی 18 نومبر کو سہ پہر تین بجے کھیل شروع کرسکتے ہیں۔ تاہم یہ طریقہ کارآمد ہوگا یا نہیں، اس کا انحصار گیم کی علاقائی ریلیز کی پابندیوں پر ہے۔
عبدُل کا منصوبہ ہے کہ وہ کام جلد ختم کرکے گھر پہنچیں گے، گیم کی براہ راست نشریات شروع کریں گے اور ساتھ ہی ویڈیوز بھی ریکارڈ کریں گے تاکہ جلد از جلد اپنے ناظرین کے لیے مواد تیار کرسکیں۔
دبئی میں 2005 سے مقیم 29 سالہ بھارتی شہری کیون مینوئل نے بھی 19 نومبر کی چھٹی لے رکھی ہے۔ وہ ایک اسسٹنٹ سیلز مینیجر ہیں اور انہوں نے دفتر میں ذاتی مصروفیات کا عذر پیش کیا ہے۔ ان کے مطابق وہ گیم ریلیز ہوتے ہی آدھی رات سے کھیلنا شروع کردیں گے اور اس دوران نہ نیند ہوگی، نہ ملاقاتیں اور نہ ہی کوئی دوسری ذمہ داری۔
ابوظبی کے میڈیا شعبے سے وابستہ ایک اماراتی شہری سلطان نے بتایا کہ انہوں نے 2013 میں یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ہونے کے سال جی ٹی اے 5 کھیلی تھی۔ اس کے بعد ایک دہائی سے زیادہ عرصے میں انہوں نے میڈیا انڈسٹری میں کام کیا، شادی کی اور زندگی کے کئی اہم مراحل طے کیے۔ ان کے مطابق جی ٹی اے 6 کی ریلیز ان کے لیے ماضی کی یادوں اور زندگی کے ایک نئے دور سے جڑنے جیسا تجربہ ہے۔ انہوں نے بھی ٹیم کی پیشگی منظوری سے چند روز کی سالانہ چھٹی حاصل کرلی ہے۔
دبئی میں مقیم گیمنگ مواد تخلیق کرنے والی ریمہ ندیم المہنا کا کہنا ہے کہ جی ٹی اے 6 کا انتظار انہیں دوبارہ اس جوش و خروش کا احساس دلا رہا ہے جو کسی پسندیدہ گیم کو پہلی مرتبہ دریافت کرتے ہوئے ہوتا ہے۔ وہ اپنے ناظرین کے ساتھ کھیل کے ابتدائی لمحات، پہلے مشن اور وائس سٹی میں پیش آنے والے نئے تجربات بھی شیئر کرنے کی منتظر ہیں۔
گیمرز کے مطابق جی ٹی اے 5 اور اس کے اگلے حصے کی ریلیز کے درمیان 13 سال کا عرصہ گزر چکا ہے۔ اس دوران کئی افراد طالب علمی سے عملی زندگی میں داخل ہوئے، ملازمتیں اختیار کیں اور شادی شدہ زندگی شروع کی۔ یہی وجہ ہے کہ ان کے لیے جی ٹی اے 6 کی آمد محض ایک نئی ویڈیو گیم کی ریلیز نہیں بلکہ ماضی کی یادوں اور ایک طویل انتظار کے اختتام کا موقع بھی ہے۔







