
خلیج اردو
دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ٹرمینل 3 میں دبئی مال کی مشہور فیشن ایونیو کی طرز پر جدید اور پُرتعیش شاپنگ ایریا قائم کیا جارہا ہے، جہاں دنیا کے معروف فیشن اور لگژری برانڈز کے اسٹورز کھولے جائیں گے۔ دبئی ایئرپورٹس کے چیف ایگزیکٹو پال گریفتھس کے مطابق نئے شاپنگ ایریا کی تیاری تقریباً مکمل ہوچکی ہے اور مختلف برانڈز کے ساتھ معاہدوں کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔
پال گریفتھس نے بتایا کہ نیا ریٹیل ایریا ٹرمینل 3 کے کنکورس بی کے مغربی حصے میں قائم کیا گیا ہے، جہاں جدید طرز کی بڑی تعداد میں دکانیں موجود ہیں۔ ان کے بقول اس علاقے کی ظاہری شکل اور ماحول دبئی مال کی فیشن ایونیو سے کافی مشابہت رکھتا ہے اور وہاں سے گزرنے والے مسافروں کو بھی یہی احساس ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ایئرپورٹ اس جگہ کے لیے اعلیٰ درجے کے فیشن اور دیگر لگژری برانڈز کو متوجہ کررہا ہے۔ فیشن ایونیو میں مقامی اور بین الاقوامی برانڈز کی دلچسپی سامنے آرہی ہے، تاہم انہوں نے نئے برانڈز کے نام بتانے سے گریز کیا۔ ان کے مطابق دکانوں کی اندرونی تیاری تقریباً مکمل ہے اور ریٹیل معاہدوں کو حتمی شکل دینے کے بعد دکاندار جلد اپنے اسٹورز قائم کرنا شروع کردیں گے۔
دبئی مال کی فیشن ایونیو دنیا کے معروف فیشن اور لائف اسٹائل برانڈز کا مرکز ہے، جہاں مہنگے ملبوسات، زیورات، گھڑیاں، بیوٹی مصنوعات اور دیگر لگژری اشیا کے عالمی برانڈز موجود ہیں۔ ایئرپورٹ کے نئے شاپنگ ایریا کو بھی اسی طرز پر تیار کیا جارہا ہے تاکہ بین الاقوامی مسافروں کو سفر کے دوران اعلیٰ معیار کی خریداری کا تجربہ فراہم کیا جاسکے۔
دوسری جانب دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے 2026 کے پہلے نو ماہ کے دوران 5 کروڑ 40 لاکھ مسافروں کی آمدورفت ریکارڈ کی ہے۔ عالمی فضائی مرکز اس سال کے آغاز میں علاقائی فوجی تنازع کے باعث پیدا ہونے والی رکاوٹوں کے بعد اپنی سرگرمیاں بحال کررہا ہے۔ جولائی سے ستمبر تک تیسری سہ ماہی میں ایک کروڑ 88 لاکھ مسافروں نے ایئرپورٹ استعمال کیا، جبکہ اگست 66 لاکھ مسافروں کے ساتھ سال کا اب تک کا مصروف ترین مہینہ رہا۔
ستمبر تک سالانہ بنیاد پر مسافروں کی مجموعی تعداد میں 28.1 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ تیسری سہ ماہی میں گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں مسافروں کی آمدورفت 22.1 فیصد کم رہی۔
پال گریفتھس نے توقع ظاہر کی کہ دبئی ایئرپورٹ رواں سال 7 کروڑ سے زیادہ مسافروں کا استقبال کرے گا، جبکہ 2027 کے اختتام تک یہ تعداد 10 کروڑ تک پہنچنے کی امید ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بحران کے دوران ڈیوٹی فری خریداری میں آنے والی کمی کے بعد اب فروخت میں بھی بحالی ہورہی ہے۔ کھانے پینے کی اشیا فراہم کرنے والے کاروباری ادارے بھی اچھی فروخت ریکارڈ کررہے ہیں۔







