
خلیج اردو
شارجہ اور راس الخیمہ کے ہوٹلوں اور ساحلی تفریحی مقامات پر تیل کے اخراج کے باعث عارضی بندش کے بعد سیاحوں کی آمد اور بکنگ میں دوبارہ اضافہ ہونے لگا ہے۔ دونوں امارات کے ساحل دو ہفتوں سے زائد عرصے تک بند رہنے کے بعد دوبارہ کھولے گئے، جس کے بعد ہوٹل انتظامیہ نے کاروباری سرگرمیوں میں بہتری اور غیر ملکی سیاحوں کی واپسی کی تصدیق کی ہے۔
راس الخیمہ میں سات عوامی اور ریزورٹ ساحل 11 نومبر کو دوبارہ کھولے گئے، جبکہ شارجہ میں 12 نومبر سے ساحلوں پر سیاحوں کو آمد کی اجازت دے دی گئی۔ حکام نے سمندری آلودگی پر قابو پانے اور متاثرہ مقامات کو عوام کے لیے محفوظ قرار دینے کے بعد یہ فیصلہ کیا۔ ساحلوں کی بندش 23 اکتوبر کو ام القوین کے ساحل کے قریب ایک آئل ٹینکر سے تیل خارج ہونے کے واقعے کے بعد احتیاطی اقدام کے طور پر کی گئی تھی۔
ہوٹل انتظامیہ کے مطابق ساحل کھلنے کے فوراً بعد بکنگ میں بہتری آنا شروع ہوگئی اور ریزورٹس نے معمول کی سرگرمیاں بحال کرتے ہوئے مہمانوں کا استقبال شروع کردیا۔
راس الخیمہ میں بن مجید ہوٹلز اینڈ ریزورٹس کے جنرل منیجر اشرف صالح نے بتایا کہ ہوٹل کا ساحل دوبارہ کھلنے کے تقریباً فوراً بعد بکنگ منسوخ ہونے کا سلسلہ رک گیا اور غیر ملکی سیاحوں کی نئی بکنگ موصول ہونا شروع ہوگئی۔ ان کے مطابق ہوٹل کا ساحلی حصہ بظاہر تیل کے اخراج سے متاثر نہیں ہوا تھا، تاہم حکومتی ہدایات کے تحت احتیاطاً اسے عارضی طور پر بند کیا گیا۔
اشرف صالح نے بتایا کہ ہوٹل نے خود بھی پانی کے معیار کی جانچ کی، جبکہ ماحولیاتی حکام نے اپنے طور پر معائنے کیے۔ ساحل بند رہنے کے دوران مہمانوں کی تفریح برقرار رکھنے کے لیے شاپنگ مالز کے دورے، ہوٹل کے اندر اضافی سرگرمیوں اور سوئمنگ پول کے اوقات میں اضافہ کیا گیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ ساحل دوبارہ کھلنے کے بعد مارکیٹ کا ردعمل مثبت رہا اور غیر ملکی سیاحوں کی آخری وقت میں بھی بکنگ موصول ہورہی ہے۔ بعض مہمانوں نے آمد سے صرف ایک روز قبل کمرے بک کرائے ہیں۔ اشرف صالح کے مطابق انہیں توقع ہے کہ تقریباً 10 دن میں ہوٹل میں کمروں کی بکنگ کی شرح بندش سے پہلے کی سطح پر واپس آسکتی ہے۔
شارجہ میں شیراٹن شارجہ بیچ ریزورٹ اینڈ سپا نے بھی ساحل کی عارضی بندش کے دوران کاروبار میں کمی کے بعد بکنگ میں بہتری کی اطلاع دی ہے۔ ہوٹل کی ڈائریکٹر سیلز اینڈ مارکیٹنگ ارم چیلنک کے مطابق حکومتی ضوابط کے تحت ریزورٹ کا ساحل 28 اکتوبر کو بند کیا گیا اور سات روز بعد 4 نومبر کو دوبارہ کھول دیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ ساحل بند رہنے کے دوران مجموعی کاروبار میں کمی دیکھی گئی، تاہم ریزورٹ کی دیگر تمام سہولتیں معمول کے مطابق فعال رہیں۔ ان میں دو بڑے سوئمنگ پول، بچوں کا کلب، تفریحی سرگرمیاں اور کھانے پینے کے پانچ آؤٹ لیٹس شامل تھے۔ اس لیے مہمانوں کو قیام کے دوران کسی دوسرے مقام پر منتقل کرنے کی ضرورت پیش نہیں آئی۔
ارم چیلنک کے مطابق ساحل دوبارہ کھلنے کے بعد کمروں کی بکنگ میں دلچسپی بڑھنے لگی ہے اور متحدہ عرب امارات میں مقیم افراد کے ساتھ غیر ملکی سیاح بھی ریزورٹ کا رخ کررہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کاروبار بتدریج معمول پر آرہا ہے اور دونوں مارکیٹس سے مسلسل بکنگ موصول ہورہی ہے۔







