
خلیج اردو
دبئی: دبئی میونسپلٹی نے گھریلو باغات کے شوقین افراد کے لیے ’’دبئی کا سب سے خوبصورت پائیدار ہوم گارڈن‘‘ کے عنوان سے سالانہ مقابلے کا اعلان کیا ہے، جس میں مجموعی طور پر 3 لاکھ درہم کے انعامات دیے جائیں گے۔
یہ مقابلہ دبئی کے رہائشیوں کو ترغیب دیتا ہے کہ وہ اپنے گھروں کے باغات کو ماحول دوست، پانی کی بچت کرنے والے اور پائیدار سبز مقامات میں تبدیل کریں۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ایسے پودے لگائیں جو موسمی حالات کے مطابق ہوں، پانی اور توانائی کا مؤثر استعمال کریں اور باغبانی میں تخلیقی ڈیزائن اپنائیں۔
یہ مقابلہ دبئی میں موجود اُن تمام رہائشیوں کے لیے کھلا ہے جو ولاز میں رہتے ہیں، خواہ وہ مالک ہوں یا کرایہ دار۔ تاہم، صرف بیرونی (آؤٹ ڈور) باغات اہل قرار دیے جائیں گے جبکہ اندرونی یا چھت پر بنائے گئے باغات شامل نہیں ہوں گے۔
درخواستیں 21 دسمبر تک جمع کروائی جا سکیں گی، جبکہ منتخب باغات کا معائنہ جنوری اور فروری 2026 میں کیا جائے گا۔ فاتحین کا اعلان مارچ 2026 میں ایک تقریب میں کیا جائے گا۔
پہلا انعام ایک لاکھ درہم، دوسرا ستر ہزار درہم، تیسرا چالیس ہزار درہم، جبکہ چوتھے اور پانچویں پوزیشن حاصل کرنے والوں کو بیس بیس ہزار درہم انعام دیا جائے گا۔ مزید پانچ حتمی امیدواروں کے لیے دس ہزار درہم کی قرعہ اندازی بھی ہوگی۔
دبئی میونسپلٹی کے ڈائریکٹر برائے زراعت محمد عبدالرحمن العوادی نے کہا کہ ’’ہم صرف درخت نہیں لگاتے بلکہ معاشرے میں ماحولیاتی شعور اور ذمہ داری کو بھی پروان چڑھاتے ہیں۔ ہم سمجھتے ہیں کہ اصل خوبصورتی کمیونٹی سے ہی شروع ہوتی ہے۔‘‘
گزشتہ سال اس مقابلے میں تقریباً 200 افراد نے حصہ لیا تھا، جبکہ میونسپلٹی نے 150 سے زائد تربیتی ورکشاپس بھی منعقد کیں جن میں مٹی کی دیکھ بھال، سمارٹ آبپاشی اور مقامی آب و ہوا کے لیے موزوں پودوں کے انتخاب پر رہنمائی دی گئی۔
یہ اقدام دبئی کے سبز اور پائیدار مستقبل کے وژن کا حصہ ہے۔ صرف 2024 میں ہی دبئی میونسپلٹی نے 2 لاکھ 16 ہزار 500 نئے درخت لگائے، جو روزانہ تقریباً 600 درخت بنتے ہیں، اور شہر میں سبز رقبہ 390 ہیکٹر سے زیادہ بڑھایا گیا۔







