متحدہ عرب امارات

نیو ایئر ایو پر دبئی جانے والی ایمریٹس پرواز تکنیکی خرابی کے باعث لندن واپس لوٹ گئی

خلیج اردو
لندن سے دبئی جانے والی ایمریٹس ایئرلائن کی ایک پرواز نیو ایئر ایو کے روز تکنیکی خرابی کے باعث روانگی کے کچھ ہی دیر بعد واپس لندن لوٹ آئی۔ ایمریٹس کی جانب سے خلیج ٹائمز کو جاری بیان کے مطابق پرواز ای کے زیرو زیرو ٹو، جو 31 دسمبر کو لندن ہیتھرو ایئرپورٹ سے دبئی کے لیے روانہ ہوئی تھی، ٹیک آف کے فوراً بعد تکنیکی مسئلے کی نشاندہی پر واپس موڑ دی گئی۔

ایئرلائن کے مطابق پرواز نے مقامی وقت کے مطابق دوپہر 1 بج کر 40 منٹ پر اڑان بھری تھی، تاہم احتیاطی تدابیر کے تحت جہاز کو واپس لندن اتارا گیا، جہاں تمام مسافروں اور عملے کو بحفاظت طیارے سے اتار لیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق طیارے میں تقریباً 500 مسافر سوار تھے۔

فلائٹ ریڈار کے مطابق جہاز اپنی زیادہ سے زیادہ لینڈنگ ویٹ سے زائد وزن پر تھا، جس کے باعث پائلٹ کو تقریباً 10 ہزار فٹ کی بلندی پر ہولڈنگ پیٹرن میں رہتے ہوئے اضافی ایندھن جلانا پڑا تاکہ محفوظ لینڈنگ ممکن ہو سکے۔ طیارہ شام 4 بج کر 28 منٹ پر ہیتھرو ایئرپورٹ پر اترا، جبکہ اس دوران لندن کے اوپر ایک گھنٹے سے زائد وقت تک چکر لگاتا رہا۔ ایئرپورٹ پر ہنگامی گاڑیاں بھی احتیاطاً تیار حالت میں موجود تھیں۔

ایمریٹس کے بیان میں کہا گیا کہ تمام متاثرہ مسافروں کو لندن ہیتھرو سے آئندہ ایمریٹس پروازوں پر دوبارہ بک کیا جائے گا۔ ایئرلائن نے مسافروں کو پیش آنے والی زحمت پر معذرت کرتے ہوئے واضح کیا کہ مسافروں اور عملے کی حفاظت اولین ترجیح ہے، جس پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس ایمریٹس نے اعلان کیا تھا کہ وہ 26 اکتوبر 2025 سے لندن ہیتھرو کے لیے ہفتہ وار چھ اضافی پروازیں شامل کرے گی۔ ایمریٹس پہلے ہی لندن ہیتھرو کے لیے روزانہ چھ پروازیں آپریٹ کر رہی ہے، جو تمام ایئربس اے 380 طیاروں کے ذریعے انجام دی جاتی ہیں۔ اضافی پروازیں موسمِ سرما کے دوران جمعہ کے علاوہ تمام دن بوئنگ 777-300 ای آر طیاروں کے ذریعے چلائی جائیں گی، جن میں فرسٹ، بزنس اور اکانومی کلاس پر مشتمل تین درجات میں 350 سے زائد نشستیں دستیاب ہوں گی۔

گزشتہ ماہ بھی ایمریٹس کی ایک پرواز، جو بھارتی شہر حیدرآباد جا رہی تھی، کو سیکیورٹی تھریٹ موصول ہوا تھا، جس کے بعد بھارتی حکام نے معیاری حفاظتی اقدامات کے تحت مسافروں اور طیارے کی سلامتی کو یقینی بنایا تھا۔

نئے سال کے موجودہ مصروف سفری دور میں دبئی اور شارجہ کے ایئرپورٹس اور ایئرلائنز کی جانب سے نیو ایئر ایو اور جنوری 2026 کے پہلے ہفتے میں سفر کرنے والے مسافروں کے لیے خصوصی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔ متحدہ عرب امارات میں یکم جنوری کو سرکاری تعطیل قرار دی گئی ہے، جبکہ 2 جنوری کو سرکاری شعبے میں ریموٹ ورک کی اجازت دی گئی ہے۔ نجی شعبے میں بھی یکم جنوری کو تعطیل ہوگی، جبکہ بعض اداروں کو 31 دسمبر کو ریموٹ ورک کی اجازت دی گئی تھی

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button