
خلیج اردو
دبئی کے علاقے القوز میں گیس سلنڈر دھماکے کے بعد The Car Superstore نامی کار شوروم کو تاحکمِ ثانی بند کر دیا گیا ہے، جبکہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔
کار شوروم کے کسٹمر سروس نمائندے نے تصدیق کی ہے کہ شوروم آئندہ اطلاع تک بند رہے گا۔ یہ فیصلہ پیر کی شام پیش آنے والے دھماکے کے بعد کیا گیا، جس میں 27 سالہ بھارتی شہری جاں بحق جبکہ 5 افراد زخمی ہوئے تھے۔
دبئی سول ڈیفنس کے مطابق اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور تقریباً ایک گھنٹے میں آگ پر قابو پا کر علاقے کو محفوظ بنا دیا۔
دھماکے کی شدت سے قریبی دکانوں کے سائن بورڈز کو بھی نقصان پہنچا، جبکہ واقعے کے اگلے روز بھی شوروم کی دیواروں پر دھویں کے نشانات اور جلنے کی بو موجود تھی۔
جاں بحق ہونے والے ملازم کی شناخت
جاں بحق ہونے والے ملازم کی شناخت ایس پی (SP) کے نام سے ہوئی ہے، جو بھارت کی ریاست کیرالہ سے تعلق رکھتے تھے۔ وہ تقریباً آٹھ ماہ قبل دبئی آئے تھے اور شوروم میں ملٹی میڈیا مارکیٹنگ اسپیشلسٹ اور ویڈیوگرافر کے طور پر کام کر رہے تھے۔
رپورٹس کے مطابق ان کی شادی گزشتہ سال ہوئی تھی، جبکہ ان کی اچانک موت سے اہل خانہ شدید صدمے میں ہیں۔
دبئی میں بھارتی قونصل خانے نے تصدیق کی ہے کہ وہ مقامی حکام اور متوفی کے اہل خانہ کے ساتھ رابطے میں ہے تاکہ میت کو بھارت منتقل کرنے کے لیے ضروری قانونی کارروائی مکمل کی جا سکے۔
تحقیقات جاری
عینی شاہدین کے مطابق دھماکے سے قبل شوروم کے قریب آٹو ورکشاپس کے ساتھ واقع گیٹ کے پاس آگ بھڑک اٹھی تھی۔ کچھ ملازمین آگ بجھانے کی کوشش کر رہے تھے کہ اسی دوران گیس سلنڈر پھٹ گیا، جس سے متعدد افراد زخمی ہو گئے۔
حکام دھماکے کی وجوہات کی تحقیقات کر رہے ہیں، جبکہ دبئی پولیس نے ایک بار پھر خبردار کیا ہے کہ غیر معیاری یا غیر لائسنس یافتہ گیس سلنڈرز کا استعمال انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتا ہے، خاص طور پر گرمیوں کے موسم میں۔ پولیس کے مطابق رواں سال اب تک حفاظتی معیار پر پورا نہ اترنے والے 300 گیس سلنڈرز ضبط کیے جا چکے ہیں۔







