
خلیج اردو
دبئی: دبئی نے آن لائن فوڈ ڈیلیوری پلیٹ فارمز کے لیے نئے رہنما اصول متعارف کرائے ہیں جن کا مقصد پوشیدہ فیسوں کا خاتمہ، شفافیت میں اضافہ اور صارفین کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔ یہ ضوابط دبئی کارپوریشن فار کنزیومر پروٹیکشن اینڈ فیئر ٹریڈ (DCCPFT) کی جانب سے جاری کیے گئے ہیں۔
نئے قواعد کے مطابق: پلیٹ فارمز کو تمام ڈیلیوری اور سروس چارجز واضح اور تفصیلی طور پر دکھانے ہوں گے۔
* کسی بھی قسم کی پوشیدہ یا غیر ظاہر شدہ فیس وصول کرنا ممنوع ہوگا۔
* ویب، موبائل ایپس یا دیگر ڈیوائسز پر تمام معلومات یکساں اور واضح زبان میں فراہم کی جائیں گی۔
* چیک آؤٹ سے پہلے صارفین کو کھانے کی قیمت، ڈیلیوری فیس (مقام کے مطابق فرق سمیت)، سروس یا کنوینیئنس فیس اور ٹیکس کی تفصیل فراہم کرنا لازمی ہوگا۔
* بغیر اطلاع کے اضافی فیس یا قیمتوں میں تبدیلی ان ہدایات کے خلاف تصور ہوگی۔
"ایکسکلیوزو” آفرز یا ڈیلز حقیقت پر مبنی اور غیر مبہم ہونی چاہئیں، اور اگر یہ صرف اسی پلیٹ فارم پر دستیاب ہوں تو اس کی وضاحت کرنا لازمی ہوگا۔
* سبسکرپشن ماڈلز میں پلیٹ فارمز ریستورانوں پر اضافی ڈیلیوری فیس، بڑھائے گئے کمیشن یا دیگر بالواسطہ اخراجات نہیں ڈال سکیں گے۔
ڈی سی سی پی ایف ٹی کے ڈائریکٹر آف فیئر ٹریڈ اینڈ بزنس پروٹیکشن احمد علی موسیٰ نے کہا کہ "آن لائن فوڈ ڈیلیوری سیکٹر نے حالیہ برسوں میں شاندار ترقی کی ہے، اور یہ قواعد اس شعبے میں شفافیت، اعتماد اور جدت کو مزید فروغ دیں گے۔”







