
خلیج اردو
دبئی کسٹمز نے سرحد پار ای کامرس سے متعلق قوانین میں اہم تبدیلی کرتے ہوئے ایک ہزار درہم یا اس سے کم مالیت کی درآمدی اشیا کو کسٹم ڈیوٹی سے مستثنیٰ قرار دے دیا ہے۔
نئے قواعد کے مطابق یکم ہزار درہم تک مالیت رکھنے والی اشیا پر درآمدی کسٹم ڈیوٹی عائد نہیں ہوگی، تاہم یہ رعایت تمباکو اور تمباکو مصنوعات، الیکٹرانک سگریٹ اور ان کے آلات، نکوٹین والے مائعات، الکوحل والے مشروبات اور الکوحل پر مشتمل غذائی مصنوعات پر لاگو نہیں ہوگی۔
دبئی کسٹمز کے مطابق یہ نئے ضوابط 3 اگست 2026 سے نافذ العمل ہو چکے ہیں، جبکہ متعلقہ کمپنیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے کاروباری طریقۂ کار کو نئے قوانین کے مطابق بنائیں۔
واپس کی جانے والی اشیا کے لیے بھی بڑی سہولت
نظرثانی شدہ قواعد کے تحت بزنس ٹو کنزیومر (B2C) کے ذریعے واپس بھیجی جانے والی ایسی اشیا، جن پر پہلے ہی کسٹم ڈیوٹی ادا کی جا چکی ہو، اب 60 دن کے اندر واپس آنے کی صورت میں دوبارہ کسٹم ڈیوٹی سے مستثنیٰ ہوں گی۔ اس سے قبل اس حوالے سے کم مدت مقرر تھی۔
ای کامرس شعبے کو فروغ دینے کا اقدام
دبئی کسٹمز کا کہنا ہے کہ ان ترامیم کا مقصد ای کامرس کے شعبے میں کاروباری لاگت کم کرنا، تجارتی سرگرمیوں کو زیادہ مؤثر بنانا، سرمایہ کاری کو فروغ دینا اور دبئی کے کاروباری ماحول کی عالمی مسابقت کو مزید بہتر بنانا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق 2026 کی پہلی ششماہی میں متحدہ عرب امارات کی ای کامرس مارکیٹ میں 2 فیصد سالانہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ اسی عرصے میں خلیجی ممالک کی مجموعی ای کامرس مارکیٹ میں 9 فیصد کمی دیکھی گئی۔







