متحدہ عرب امارات

دبئی میں گھریلو ملازم کے ویزا کا عمل مزید آسان، 11 کے بجائے صرف 6 مراحل میں مکمل ہوگا

خلیج اردو
دبئی میں گھریلو ملازم کی خدمات حاصل کرنے اور اس کے ویزا و رہائشی امور کی تکمیل اب پہلے سے کہیں زیادہ آسان ہو گئی ہے۔ جنرل ڈائریکٹوریٹ آف آئیڈینٹیٹی اینڈ فارنرز افیئرز (جی ڈی آر ایف اے دبئی) نے نئی مربوط ڈیجیٹل سروس متعارف کرا دی ہے جس کے تحت مختلف سرکاری مراحل کو ایک ہی ڈیجیٹل نظام میں ضم کر دیا گیا ہے۔

"ڈومیسٹک ورکرز مینجمنٹ” کے نام سے متعارف کرائی گئی اس سروس کو حمدان بن محمد پروگرام فار گورنمنٹ سروسز کے تحت "بیسٹ ڈیجیٹل سٹی ایکسپیرینس” ایوارڈ سے نوازا گیا۔

نئے نظام کے تحت گھریلو ملازم کے اسپانسرشپ کے لیے درکار 9 اہم خدمات کو ایک ہی ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر یکجا کر دیا گیا ہے۔ ان میں ملازمت کا معاہدہ، ہیلتھ انشورنس، ورک پرمٹ کا اجرا اور منسوخی، ویزا کا اجرا، اسٹیٹس ایڈجسٹمنٹ، میڈیکل فٹنس ٹیسٹ، رہائشی پرمٹ اور ایمریٹس آئی ڈی کی خدمات شامل ہیں۔

اس اقدام کے بعد سروس کے مراحل 11 سے کم ہو کر صرف 6 رہ گئے ہیں، جبکہ 6 مختلف ادائیگی کے ذرائع کو ایک ہی ادائیگی کے نظام میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔ اسی طرح شہریوں کے سرکاری دفاتر کے چکروں کی تعداد 6 سے کم ہو کر زیادہ سے زیادہ 2 رہ گئی ہے۔

حکام کے مطابق اس نظام کے ذریعے اب تک 10 ہزار 813 درخواستیں نمٹائی جا چکی ہیں، 25 ہزار 676 کاغذی دستاویزات کی ضرورت ختم ہوئی، صارفین کے تقریباً 43 لاکھ درہم کی براہِ راست بچت ہوئی، جبکہ کاربن کے اخراج میں بھی 72.5 ٹن کے مساوی کمی آئی ہے۔

جی ڈی آر ایف اے دبئی کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل محمد احمد المری نے کہا کہ یہ کامیابی مختلف سرکاری اداروں کے باہمی تعاون کا نتیجہ ہے اور آئندہ بھی مزید سرکاری خدمات کو ایک ہی ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر منتقل کیا جائے گا تاکہ رہائشیوں کو زیادہ سہولت فراہم کی جا سکے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button