متحدہ عرب امارات

دبئی سے فجیرہ صرف 69 منٹ میں، اتحاد ریل منصوبہ شمالی امارات میں سیاحت، سرمایہ کاری اور کاروبار کو نئی رفتار دے گا

خلیج اردو

Etihad Rail کے مسافر ٹرین منصوبے کے تحت فجیرہ میں پہلا مکمل مسافر اسٹیشن تیار کر لیا گیا ہے، جس کے بعد دبئی اور فجیرہ کے درمیان سفر کا دورانیہ صرف 69 منٹ رہ جائے گا۔

اتحاد ریل کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر کمرشل ادراء المنصوری کے مطابق ہلال سٹی میں قائم یہ اسٹیشن فجیرہ کیلئے ایک اہم ٹرانسپورٹ حب ثابت ہوگا، جو مستقبل میں متحدہ عرب امارات کے 11 شہروں اور علاقوں کو قومی ریلوے نیٹ ورک سے جوڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ اسٹیشن کی جگہ اہم سیاحتی اور تجارتی مقامات جیسے امبریلا بیچ، سکمکم قلعہ اور Fujairah International Airport کے قریب ہونے کی وجہ سے یہ فجیرہ کی سیاحت اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دے گا۔

اتحاد ریل کے مطابق مسافر ٹرینیں 200 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلیں گی جبکہ ابوظبی سے فجیرہ کا سفر تقریباً 105 منٹ میں مکمل ہوگا۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ مکمل آپریشن کے بعد سالانہ ایک کروڑ مسافروں کے سفر کی توقع ہے۔

ادراء المنصوری نے کہا کہ یہ منصوبہ متحدہ عرب امارات میں سرمایہ کاری اور رئیل اسٹیٹ کے رجحانات کو بھی تبدیل کرے گا کیونکہ لوگ صحت، تعلیم، ثقافت اور سیاحت کے شعبوں میں نئی جگہوں کو مختلف انداز میں دیکھ سکیں گے۔

51 ہزار 900 مربع میٹر پر مشتمل فجیرہ ٹرمینل تقریباً 70 فیصد مقامی مواد سے تعمیر کیا گیا ہے۔ اسٹیشن پر ریٹیل آؤٹ لیٹس، کھانے پینے کی سہولتیں اور خصوصی ضروریات کے حامل افراد کیلئے آسان رسائی جیسی سہولتیں بھی فراہم کی جائیں گی۔

ٹرینوں میں تقریباً 400 مسافروں کی گنجائش ہوگی جبکہ وائی فائی، پاور آؤٹ لیٹس اور سامان رکھنے کیلئے خصوصی جگہ بھی موجود ہوگی۔ کمپنی کے مطابق ٹرین کے اندرونی ڈیزائن میں خاندانوں اور آرام دہ سفر کو خصوصی اہمیت دی گئی ہے۔

ادراء المنصوری کا کہنا تھا کہ یو اے ای کے بہت سے رہائشی پہلی مرتبہ ریل سفر کا تجربہ کریں گے، اسی لیے اسٹیشنز پر واضح رہنمائی، آرام دہ ماحول اور معاون عملہ فراہم کیا جا رہا ہے تاکہ ہر مسافر خود کو خوش آمدید محسوس کرے۔

یہ منصوبہ اس بات کی علامت سمجھا جا رہا ہے کہ متحدہ عرب امارات مستقبل کی جدید ٹرانسپورٹ سہولتوں کے ذریعے اقتصادی ترقی، سیاحت اور شہری روابط کو مزید مضبوط بنانا چاہتا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button