
خلیج اردو
دبئی میں حکام نے ایک نیا تجرباتی نظام متعارف کرایا ہے جس کے تحت رہائشی ویزا کے اجرا یا تجدید کو ٹریفک چالانوں کی ادائیگی سے منسلک کر دیا گیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد شہریوں کو ٹریفک قوانین کی پاسداری کی ترغیب دینا اور واجب الادا جرمانے وقت پر ادا کروانا ہے۔
جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ریزیڈنسی اینڈ فارنرز افیئرز کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل محمد احمد المری کے مطابق، اس نظام کے ذریعے ویزا کی تجدید یا اجرا مکمل کرنے سے پہلے شہریوں کو اپنے ٹریفک جرمانے ادا کرنا ہوں گے۔ تاہم یہ نظام ویزا کی تجدید مکمل طور پر روک نہیں دیتا بلکہ شہریوں کو جرمانے مکمل یا قسطوں میں ادا کرنے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل المری کا کہنا ہے کہ "اس اقدام کا مقصد لوگوں پر پابندیاں لگانا نہیں بلکہ انہیں ادائیگیوں کی یاد دہانی کرانا ہے۔ ہر کیس کے مطابق لچکدار رویہ اختیار کیا جاتا ہے تاکہ شہریوں کو آسانی ہو۔”
حکام کے مطابق، اس نظام کو متعارف کرانے سے قبل ہزاروں کیسز کا جائزہ لیا گیا تاکہ اسے صارف دوست اور مؤثر بنایا جا سکے۔ ویزا خدمات حاصل کرنے والے شہریوں کو محکمہ کی جانب سے ادائیگی کے طریقہ کار میں رہنمائی فراہم کی جائے گی اور جہاں ممکن ہو وہاں قسطوں کی سہولت بھی دی جائے گی۔
یہ نظام فی الحال تجرباتی مرحلے میں ہے اور مکمل طور پر نافذ نہیں کیا گیا۔ مثلاً، دبئی ایئرپورٹ کے GDRFA مرکز پر اس کا اطلاق نہیں ہوتا۔
یاد رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں جب حکومت نے بقایا جرمانوں کو سرکاری خدمات سے مشروط کرنے کا اقدام کیا ہو۔ 2014 میں وزارت داخلہ نے بھی اعلان کیا تھا کہ جن افراد پر ٹریفک جرمانے واجب الادا ہوں، ان کے ویزے کی تجدید نہیں ہوگی۔







