متحدہ عرب امارات

دبئی میرکل گارڈن میں عید پر خصوصی رعایت، مفت انٹری ختم، اب 52.50 درہم میں داخلہ، رش کے باعث نئی پالیسی نافذ

خلیج اردو
دبئی میرکل گارڈن میں عیدالفطر کے موقع پر غیر معمولی رش کے باعث مفت داخلہ ختم کر کے رعایتی ٹکٹ متعارف کرا دیا گیا ہے، جس کے تحت یو اے ای کے رہائشی اب 52.50 درہم میں باغ میں داخل ہو سکیں گے۔

حکام کے مطابق 21 مارچ سے 31 مارچ تک یہ خصوصی رعایت صرف اماراتی شناختی کارڈ دکھانے پر دستیاب ہوگی، جبکہ اس سے قبل دی گئی مفت انٹری کی سہولت کو شدید رش کے باعث ختم کرنا پڑا۔

اعلان کے مطابق 12 سال یا اس سے کم عمر بچوں کے لیے سیزن کے اختتام تک داخلہ بدستور مفت رہے گا، جس سے خاندانوں کے لیے سہولت برقرار رکھی گئی ہے۔

انتظامیہ نے بتایا کہ عید کے موقع پر غیر معمولی تعداد میں شہری اور رہائشی باغ کا رخ کر رہے تھے، جس کے باعث عارضی طور پر دروازے بھی بند کیے گئے تاکہ "زائرین کی حفاظت اور سہولت کو یقینی بنایا جا سکے”۔

یہ نیا اقدام رش کو کنٹرول کرنے اور بہتر انتظامات یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے، جبکہ پارک روزانہ صبح 9 بجے سے رات 9 بجے تک کھلا رہے گا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button