
خلیج اردو
دبئی: دبئی پولیس نے غیر معمولی مہارت اور تیز رفتار کارروائی کرتے ہوئے 2 کروڑ 50 لاکھ ڈالر مالیت کے نایاب پنک ڈائمنڈ کی چوری کی کوشش ناکام بنا دی۔ "آپریشن پنک ڈائمنڈ” کے تحت آٹھ گھنٹوں میں کارروائی کرتے ہوئے تین ملزمان کو گرفتار کر کے ہیرا برآمد کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق تین رکنی ایشیائی گروہ ایک سال سے زیادہ عرصے سے اس واردات کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔ تحقیقات سے پتہ چلا کہ انہوں نے ایک جیولر کو قائل کرنے کے لیے پرتعیش گاڑیاں کرائے پر لیں، اعلیٰ درجے کے ہوٹلز میں ملاقاتوں کا اہتمام کیا اور ایک معروف ڈائمنڈ ایکسپرٹ کی خدمات حاصل کیں تاکہ خریدار کی حیثیت کو قابل اعتبار بنایا جا سکے۔ اس منصوبے کے تحت تاجر کو ایک ولا میں بلایا گیا جہاں ڈائمنڈ دکھاتے ہی ملزمان اسے لے کر فرار ہوگئے۔
واردات کی اطلاع ملتے ہی دبئی پولیس نے خصوصی ٹاسک فورس تشکیل دی۔ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے سی آئی ڈی نے تینوں ملزمان کا سراغ لگا کر مختلف مقامات پر چھاپے مارے اور ہیرا بازیاب کر لیا جو ایک فریج میں چھپایا گیا تھا اور بیرون ملک بھیجنے کی تیاری تھی۔
یہ پنک ڈائمنڈ 21.25 قیراط وزنی ہے، "فینسی انٹینس” کیٹیگری میں آتا ہے اور اپنی خالصیت، چمک اور تراش کے اعتبار سے انتہائی نایاب قرار دیا جاتا ہے۔ اس نوعیت کے ہیروں کے دوبارہ ملنے کے امکانات صرف 0.01 فیصد ہیں۔
ڈائمنڈ کے مالک نے دبئی پولیس کی برق رفتاری اور پیشہ ورانہ صلاحیت کو "قابلِ حیرت” قرار دیتے ہوئے کہا کہ اطلاع دینے کے اگلے ہی دن ہیرا برآمد ہو گیا جس سے ان کا اعتماد مزید بڑھا۔ انہوں نے صنعت سے وابستہ دیگر تاجروں پر زور دیا کہ وہ حفاظتی رہنما اصولوں پر سختی سے عمل کریں تاکہ دبئی کی حیثیت بطور محفوظ عالمی ڈائمنڈ حب برقرار رہے۔







