
خلیج اردو
دبئی – دبئی میں پیدا ہونے والے 18 سالہ بھارتی طالب علم وین نیش ڈی سوزا نے امریکہ روانگی سے چند روز قبل دبئی ڈیوٹی فری کا ٹکٹ خرید کر ایک ملین ڈالر جیت لیے، اور یوں یونیورسٹی میں قدم رکھنے سے پہلے ہی کروڑ پتی بن گئے۔
وین نے دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے کونکورس اے سے 26 جولائی کو سفر سے قبل ملینیم ملینیئر ڈرا کے لیے ٹکٹ نمبر 4463 خریدا تھا۔ وہ اس وقت امریکہ میں یونیورسٹی آف الی نوائے اربانا-شیمپین میں ایرواسپیس انجینئرنگ کی تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔
وین نے کہا: "ہم سفر کے دوران تفریحاً ٹکٹ خریدتے رہتے ہیں، لیکن اس بار چونکہ میں چار سال کے لیے امریکہ جا رہا تھا، تو دل کیا کہ خود بھی قسمت آزماؤں۔”
انہوں نے مزید بتایا کہ چونکہ وہ ابھی 18 سال کے ہوئے تھے، اس لیے وقت کی کمی کے باعث انہوں نے اپنے والد کے اکاؤنٹ سے ٹکٹ خریدا۔ "میرے دل میں ایک احساس تھا کہ کچھ اچھا ہونے والا ہے، اور میری بہن اور میں نے ضد کی کہ یہ ٹکٹ ضرور لینا ہے، جس پر والد نے اجازت دے دی۔ خوشی ہے کہ اپنے دل کی سنی، یہ رقم یونیورسٹی فیس میں بہت مدد دے گی۔”
وین کے مطابق ان کے والدین دبئی ڈیوٹی فری کی پروموشنز میں کئی سالوں سے حصہ لے رہے ہیں۔ "میں پانچ سال کی عمر سے سفر کر رہا ہوں، لیکن میرے والدین کو شاید تیس سال سے یہ عادت ہے۔”
جیت کی اطلاع امریکی وقت کے مطابق رات 1:30 بجے ملی جب وہ یونیورسل اسٹوڈیوز کی سیر کے بعد تھکن سے چور سو رہے تھے۔ وین نے کہا: "شروع میں یقین نہیں آیا، ایسا لگا جیسے خواب ہو۔ فوراً خدا کا شکر ادا کیا اور پھر نیند نہ آئی۔”
ڈی سوزا خاندان اس وقت لاس اینجلس میں وین کی بہن کے ہمراہ موجود ہے، جو موسیقی کے شعبے میں کیریئر بنا رہی ہیں۔ دورہ مکمل ہونے کے بعد خاندان شکاگو روانہ ہوگا، جہاں وین اپنی تعلیم کا باقاعدہ آغاز کریں گے۔
وین ملینیم ملینیئر پروموشن جیتنے والے 255ویں بھارتی شہری بن گئے ہیں، جو 1999 میں شروع کی گئی تھی۔







