متحدہ عرب امارات

دبئی میں ’رؤیا 2025‘ کیریئرز فیئر کا آغاز، اماراتی نوجوانوں کے لیے طویل المدتی روزگار کے مواقع

خلیج اردو
دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں امارات کا سب سے بڑا روزگار اور کیریئر ڈیولپمنٹ ایونٹ ’رؤیا کیریئرز فیئر 2025‘ منعقد ہوا، جس میں عوامی اور نجی شعبوں سے 180 سے زائد اداروں نے شرکت کی۔ اس ایونٹ کا مقصد اماراتی نوجوانوں کے خوابوں کو عملی مواقع میں بدلنا ہے۔

اماراتی نوجوانوں کی بڑی تعداد نے میلے میں شرکت کی۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ یہ پلیٹ فارم نہ صرف خالی آسامیوں کا تعارف کراتا ہے بلکہ روزگار کے نئے دروازے کھولنے میں مددگار ہے۔ ایک نوجوان ابراہیم المرزوقی نے کہا کہ یہ موقع انہیں اپنے تعلیمی پس منظر کو عملی تجربے کے ساتھ ہم آہنگ کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے، جبکہ ایک اور گریجویٹ فاطمہ العامری نے اسے اپنے مستقبل کے لیے حوصلہ افزا قرار دیا۔

اداروں نے اس سال واضح کیا کہ اماراتی روزگار پالیسی صرف کوٹہ پورا کرنے تک محدود نہیں رہی۔ چالہوب گروپ نے کہا کہ وہ اماراتیوں کو ہر سطح پر ملازمت کے ساتھ ساتھ مستقبل کے رہنما بنانے پر سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔ ایچ ایس بی سی نے بتایا کہ ان کے سینئر قیادت میں پہلے ہی 30 فیصد اماراتی شامل ہیں، جبکہ نئے پروگرامز کے تحت نوجوانوں کو لندن، نیویارک اور ہانگ کانگ جیسے شہروں میں تربیت دی جاتی ہے۔

ایوی ایشن اور سکیورٹی کے شعبوں میں بھی بڑے مواقع پیش کیے گئے۔ ایمریٹس ایئرلائن نے اعلان کیا کہ وہ پائلٹس، انجینئرز اور آپریشنل عملے کی بھرتی کے لیے سرگرم ہیں۔ دبئی پولیس نے کیڈٹ پائلٹس، ڈیٹا سائنسدانوں اور مصنوعی ذہانت پر مبنی نئی اسامیاں متعارف کرائیں۔

ابوظہبی اسلامک بینک، جو اس ایونٹ کا گولڈ اسپانسر ہے، نے بتایا کہ اس کے 70 فیصد نئے ملازمین اماراتی ہیں، جن میں سے تین چوتھائی خواتین پر مشتمل ہیں۔ بینک نے 2026 تک العین میں مزید 400 اماراتیوں کو بھرتی کرنے کا بھی اعلان کیا۔

اماراتی ہیومن ریسورسز ڈیولپمنٹ کونسل نے اس موقع پر ایک نیا پلیٹ فارم لانچ کیا جو طلبہ کو اسکالرشپس، انٹرن شپس اور تربیتی مواقع سے جوڑے گا، تاکہ نوجوان گریجویشن سے پہلے ہی ملازمت کے عمل میں شامل ہو سکیں۔

اپنے 24ویں سال میں داخل ہونے والا یہ فیئر ایک قومی پلیٹ فارم کی حیثیت اختیار کر چکا ہے جہاں ادارے صرف نوکریاں ہی نہیں بلکہ مستقبل کے لیے پائیدار کیریئر راستے فراہم کر رہے ہیں، جن میں مصنوعی ذہانت، فِن ٹیک، ایوی ایشن اور پائیداری جیسے شعبے شامل ہیں۔

 

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button