متحدہ عرب امارات

دبئی: 15 ہزار درہم تنخواہ والوں کے لیے ڈیجیٹل ہوم لون پری اپروول متعارف

خلیج اردو
دبئی:
دبئی کے ایک معروف بینک مشرف  نے پہلی بار مکمل طور پر ڈیجیٹل ہوم لون پری اپروول سروس متعارف کرا دی ہے، جس کے تحت کم از کم 15 ہزار درہم ماہانہ تنخواہ حاصل کرنے والے رہائشی آن لائن اپنی ہوم لون اہلیت چیک کر سکتے ہیں۔

یہ سہولت دبئی اور ابوظبی میں جائیداد خریدنے کے خواہشمند غیر ملکی رہائشیوں کو اس بات کا اندازہ فراہم کرے گی کہ وہ پراپرٹی خریدنے سے قبل کتنا قرض حاصل کر سکتے ہیں۔

مشرف بینک کی جانب سے جاری براؤزر بیسڈ سروس کے ذریعے تنخواہ دار افراد اپنی تفصیلات آن لائن جمع کرا کر اسی دن تصدیق شدہ پری اپروول لیٹر حاصل کر سکتے ہیں۔

مشرف بینک کے ہیڈ آف مارگیجز سرینی واسن پدمانابھن کے مطابق پری اپروول دراصل آمدن، مالی ذمہ داریوں اور صارف کے پروفائل کی بنیاد پر ایک ابتدائی منظوری ہوتی ہے، جبکہ حتمی منظوری پراپرٹی کے انتخاب، ویلیوایشن اور دیگر جانچ کے بعد دی جاتی ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ اگر دورانِ عمل خریدار کی مالی صورتحال تبدیل ہو جائے یا شرائط پوری نہ ہوں تو حتمی مرحلے پر درخواست مسترد بھی ہو سکتی ہے۔

بینک کے مطابق ہوم لون کی اہلیت کا انحصار صرف تنخواہ پر نہیں بلکہ کریڈٹ رپورٹ میں درج تمام ذمہ داریوں جیسے کار لون، کریڈٹ کارڈز اور دیگر قرضوں کو بھی مدنظر رکھا جاتا ہے۔ مرکزی بینک کے قوانین کے تحت کسی بھی فرد پر مجموعی قرض اس کی ماہانہ آمدن کے 50 فیصد سے زیادہ نہیں ہو سکتا۔

عام طور پر پہلی بار گھر خریدنے والے غیر ملکی تنخواہ دار افراد جائیداد کی قیمت کا 80 فیصد تک فنانسنگ حاصل کر سکتے ہیں۔

ڈیجیٹل عمل کے تحت درخواست گزار کو صرف ایمریٹس آئی ڈی، پاسپورٹ اور آئی بین (IBAN) فراہم کرنا ہوگا، جس کے بعد بینک ایک ایسی پری اپروول جاری کرے گا جس پر بعد میں عمل درآمد کیا جا سکے گا۔

بینک حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد صارفین کو حقیقت پسندانہ بجٹ کے ساتھ پراپرٹی تلاش کرنے میں مدد دینا اور مالی دباؤ سے بچانا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button