خلیج اردو: متحدہ عرب امارات کے سائبر کرائم لاء میں نئی ترامیم ہونے کے ساتھ ہی جرائم کی سزا مزید سخت ہو گئی ہے۔ نئے قانون میں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر افواہیں یا جھوٹی خبریں پھیلانے پر سخت سزائیں بتائی گئی ہیں۔
اگرکوئی جھوٹی خبریں یا معلومات یا پروپیگنڈہ جاری کرے یا پھیلائے ہیں تو اسے ایک سال تک قید اور 100,000 درہم جرمانے کی سزا دی جا سکتی ہے۔
2021 کے نئے وفاقی حکم نامے کے قانون نمبر 34 نے 2012 کے وفاقی قانون 5، سائبر کرائمز قانون میں بڑی ترامیم متعارف کرائی ہیں، جس میں آن لائن ہونے والے جرائم کا احاطہ کیا گیا ہے۔
ورلڈ سینٹر ایڈوکیٹس اینڈ لیگل کنسلٹنٹس کے سینئر قانونی مشیر واجہ امین عبدالعزیز کے مطابق، اس قانون کا مقصد آن لائن جرائم کے خلاف کمیونٹی کے تحفظ کو بڑھانا اور افواہوں اور گمراہ کن یا جعلی خبروں کے پھیلاؤ کا مقابلہ کرنا ہے۔
عبدالعزیز نے گلف نیوز کو بتایا کہ افواہ پھیلانا ایک خطرناک سماجی فعل ہے جس کا انسانیت ایک طویل عرصے سے شکار رہی ہے۔ لیکن اب سوشل میڈیا نے افواہوں کو پھیلانے کیلئے ایک قابل پلیٹ فارم مہیا کردیا ہے کیونکہ جعلی مواد یا غیر مصدقہ خبروں کو پوسٹ کرنا اور دوبارہ پوسٹ کرنا آسان ہو گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ افواہیں پھیلانے والے لوگوں کے نفسیاتی، مالی، سماجی، اقتصادی اور مختلف اہداف ہوتے ہیں-"جرم کی خطرناک نوعیت کی وجہ سے، اماراتی قانون سازوں نے افواہوں اور سائبر کرائمز کا مؤثر طریقے سے مقابلہ کرنے کے لیے نئی ترمیم میں سخت سزاؤں کا مطالبہ کیا ہے۔”
انہوں نے کہا کہ افواہوں اور سائبر کرائمز کا مقابلہ کرنے سے متعلق فیڈرل ڈیکری قانون نمبر 34 آف 2021 کے آرٹیکل 52 میں کہا گیا ہے کہ افواہیں پھیلانے یا آن لائن جھوٹی خبریں شائع کرنے والے کی سزا ایک سال قید اور 100,000درہم جرمانہ ہے۔
"یہ سزا دو سال تک قید اور 200,000 درہم جرمانہ بھی ہو سکتی ہے اگر معلومات شائع یا شیئر کرنے کے نتیجے میں ریاستی حکام یا اداروں کے خلاف عوامی رائے کو مشتعل کیا جائے یا وبائی امراض، بحرانوں، ہنگامی حالات یا آفات کے دوران اشتعال انگیزی کا ارتکاب ہوا ہو۔
اس ماہ کے شروع میں، UAE کے پبلک پراسیکیوشن نے ایک ویڈیو پوسٹ کی جس میں لوگوں کو اس جرم سے خبردار کیا گیا تھا اور انہیں گمراہ کن معلومات یا جعلی خبریں پوسٹ کرنے پر نئی سزاؤں سے آگاہ کیا گیا تھا۔ "لوگوں کو ایسی افواہیں پوسٹ کرنے یا پھیلانے سے ہوشیار رہنا چاہیے جو معاشرے میں بگاڑ پیدا کر سکتی ہیں۔ عبدالعزیز نے مزید کہا کہ قانونی کارروائی سے بچنے کے لیے ہمیں ہمیشہ حقائق کو سرکاری چینلز یا تصدیق شدہ میڈیا آؤٹ لیٹس سے ہی حاصل کرنا چاہیے۔
قانون سازی کی اصلاحات
نیا قانون اگلے 50 سالوں کے لیے ملک کی طرف سے اعلان کردہ اہم قانون سازی اصلاحات کے مطابق ہے۔ سائبر کرائم قانون میں ترامیم متحدہ عرب امارات کے جنرل اٹارنی کو اجازت دیتی ہیں کہ وہ کسی ایسی ویب سائٹ یا پلیٹ فارم کو بلاک کرنے کا مقدمہ جاری کرے جو قانون کی خلاف ورزی کرتا ہو یا متحدہ عرب امارات میں سائبر کرائم کا ارتکاب کرتا ہو – چاہے پلیٹ فارم متحدہ عرب امارات سے باہر ہی کیوں نہ ہو۔







