خلیج اردو: فاطمہ بنت مبارک لیڈیز اسپورٹس اکیڈمی (FBMA) مقامی ٹیلنٹ کو فروغ دینے اور انہیں مواقع فراہم کرنے کے لیے جاری کوششوں کے ایک حصے کے طور پر ابوظہبی میں خواتین کے لیے افتتاحی GCC والی بال کپ ٹورنامنٹ کی میزبانی کرے گی۔
26 سے31 اگست 2022 تک جیو جِتسو ایرینا، زاید سپورٹس سٹی میں منعقد ہونے والے جی سی سی والی بال کپ برائے خواتین میں چھ ٹیمیں حصہ لیں گی جن میں متحدہ عرب امارات کی تین ٹیمیں فاطمہ بنت مبارک اکیڈمی ٹیم، الوصل کلب اور شارجہ لیڈیز کلب شامل ہیں ۔
ایونٹ میں سعودی عرب کی (سعودی نورہ کلب)، کویت کی (صلواۃ الصباح) اور بحرین کی (بحرین کلب) سے ایک ایک ٹیم حصہ لے گی ۔
FBMA اس ماہ کی چیمپئن شپ اماراتی خواتین کے دن پر منعقد کر رہی ہے جو 28 اگست کو متحدہ عرب امارات میں منایا جاتا ہے۔
اکیڈمی کو امید ہے کہ اماراتی خواتین کے دن کے موقع پر وہ وسیع تر مقامی کمیونٹیز کو اپنی طرف متوجہ کرے گی اور خواتین کی نوجوان نسل کو اس کھیل میں حصہ لینے کی ترغیب دے گی ۔
یہ اعلان ابوظہبی سپورٹس کونسل کے ہیڈ کوارٹر میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا گیا جس میں ابوظہبی اسپورٹس کونسل میں کھیلوں کی ترقی کے شعبے کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر طلال الہاشمی، فاطمہ بنت مبارک لیڈیز اسپورٹس اکیڈمی کی بورڈ رکن امل العفیفی، یو اے ای والی بال فیڈریشن کے بورڈ رکن عواد المنصوری اور FBMA کی نمائندہ فاطمہ العامری نے شرکت کی۔
اس کے علاوہ ایف بی ایم اے، ابوظہبی اسپورٹس کونسل، یو اے ای والی بال ایسوسی ایشن اور شراکت داروں کے اہم عہدیدار بھی اس موقع پرموجود تھے۔
امل العفیفی نے کہاکہ خواتین کے لیے پہلے GCC والی بال کپ کا آغاز FBMA کی تاریخ کے ایک اور اہم لمحے کی نمائندگی کرتا ہے کیونکہ ہم خواتین کے لیے اس کھیل میں حصہ لینے اور کامیاب ہونے کے لیے باقاعدہ مواقع پیدا کرنے کے اپنے سفر کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ والی بال ایک ایسا کھیل ہے جس کی مقبولیت میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں خلیج کے اس اہم مقابلے کو ابوظہبی میں لاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے جو اس خطے میں پیش کرنے کے لیے بہترین ٹیلنٹ کا مظاہرہ کرے گا ۔