
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت Abu Dhabi میں اسکولوں کے اندر بچوں کے لنچ باکس میں لائے جانے والے کھانوں سے متعلق نئی غذائی گائیڈ لائنز جاری کر دی گئی ہیں۔
Abu Dhabi Department of Education and Knowledge کی جانب سے جاری کردہ پالیسی کے مطابق اسکولوں میں میٹھے مشروبات، زیادہ چکنائی اور نمک والی اشیاء، پراسیسڈ فوڈز اور مصنوعی اجزاء پر مشتمل کھانے لانے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
پالیسی کے تحت سافٹ ڈرنکس، انرجی ڈرنکس، کافی اور چائے جیسے کیفین والے مشروبات اسکول احاطے میں ممنوع قرار دے دیے گئے ہیں جبکہ کینڈی، چاکلیٹ، آئس کریم، میٹھا دودھ اور فلیورڈ یوگرٹ بھی لنچ باکس میں شامل نہیں کیے جا سکیں گے۔
اس کے علاوہ فرائیڈ چکن، چکن نگٹس، سموسے، فلافل، چپس، پراسیسڈ گوشت، ساسیجز اور اچار جیسی زیادہ نمک والی اشیاء بھی اسکولوں میں لانے پر پابندی ہوگی۔
پالیسی کے مطابق مصنوعی رنگوں، پریزرویٹوز، فلیورز اور مونوسوڈیم گلوٹامیٹ (MSG) پر مشتمل خوراک بھی بچوں کو فراہم نہیں کی جا سکے گی جبکہ مایونیز، کیچپ اور تیار شدہ ساسز کے استعمال کو بھی محدود کر دیا گیا ہے۔
مزید برآں سور کے گوشت سے بنی مصنوعات، الکحل شامل کھانے، ہائیڈروجنیٹڈ فیٹس والی اشیاء، غیر پیسچرائزڈ مشروبات، سویا ملک، گریاں اور ایسے کھانے جو بچوں کے گلے میں پھنسنے کا خطرہ پیدا کریں، مکمل طور پر ممنوع قرار دیے گئے ہیں۔
حکام کے مطابق اسکولوں میں تعینات نرس یا ہیلتھ اینڈ سیفٹی آفیسر باقاعدگی سے لنچ باکس کی جانچ کریں گے اور خلاف ورزی کی صورت میں اداروں کو قانونی کارروائی اور جرمانوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
یہ نئی پالیسی بچوں کی صحت مند نشوونما کو یقینی بنانے اور کم عمری سے ہی محفوظ غذائی عادات کو فروغ دینے کیلئے نافذ کی گئی ہے۔







