خلیج اردو
متحدہ عرب امارات کی ریاست شارجہ کے علاقے الدھید میں جدید طرزِ تعمیر سے مزین النصر مسجد کو رمضان المبارک سے قبل نمازیوں کیلئے کھول دیا گیا ہے۔
النصر مسجد کا افتتاح منگل کے روز شیخ سلطان بن احمد بن سلطان القاسمی نے جبل عمر کے علاقے میں کیا، جو اپنی منفرد تعمیر کے باعث امارت کی نمایاں عبادت گاہوں میں شامل ہو گئی ہے۔
7 ہزار 800 مربع میٹر سے زائد رقبے پر قائم مسجد کا سب سے نمایاں حصہ 20 میٹر قطر اور 16 میٹر بلند شیشے کا گنبد ہے، جو مسجد کی تقریباً 80 فیصد چھت کو ڈھانپے ہوئے ہے۔
شہد کے چھتے کی طرز پر بنائے گئے چھ کونوں والے شیشے کے پینلز دن بھر روشنی کو منعکس کرتے ہیں جبکہ غروبِ آفتاب کے وقت عبادت گاہ سنہری روشنی سے جگمگا اٹھتی ہے۔
گنبد کے ساتھ 38 میٹر بلند جدید طرز کا مینار بھی تعمیر کیا گیا ہے جبکہ مرکزی ہال میں نمازیوں کیلئے 12 صفوں کی گنجائش موجود ہے۔
مسجد میں مجموعی طور پر ایک ہزار 325 نمازیوں کی گنجائش ہے، مرکزی ہال میں 470 افراد جبکہ بیرونی احاطے سمیت مرد حضرات کی گنجائش ایک ہزار 180 تک پہنچ جاتی ہے، خواتین کیلئے علیحدہ ہال میں 145 نمازیوں کی جگہ مختص کی گئی ہے۔
مسجد میں وضو خانے، عوامی لائبریری، امام رہائش گاہ، پارکنگ اور دیگر سہولیات بھی فراہم کی گئی ہیں۔
یہ جدید مسجد رمضان المبارک میں عبادت گزاروں کیلئے روحانی اور پُرسکون ماحول فراہم کرنے کا اہم مرکز بنے گی۔







