
خلیج اردو
شارجہ میں گزشتہ چھ برس سے Aster Pharmacy کے ساتھ بطور بائیک میسنجر کام کرنے والے علی عابد رمضان المبارک کے دوران بھی زندگی بچانے والی ادویات کی بروقت فراہمی کیلئے سرگرم ہیں۔
علی عابد کی ڈیوٹی دوپہر ایک بجے شروع ہوتی ہے، جس کے باعث وہ دن کا زیادہ تر وقت سڑکوں پر گزارتے ہیں اور اکثر روزہ بھی دورانِ ڈیوٹی ہی افطار کرتے ہیں۔ رمضان کے پہلے روز انہیں شام چھ بجے ایک صارف کی جانب سے ہنگامی بنیادوں پر بلڈ پریشر کی دوا کی فراہمی کی کال موصول ہوئی۔
علی عابد نے فوری طور پر دوا حاصل کر کے مغرب کی اذان سے چند منٹ قبل مریض تک پہنچا دی۔ ان کے مطابق صارف نے شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں گھر کے اندر مدعو کیا اور کھجوروں اور پھلوں سے افطار کروایا۔
انہوں نے بتایا کہ ان کی ڈلیوریز اکثر ہنگامی نوعیت کی ہوتی ہیں، اس لیے وہ ہمیشہ اپنے ساتھ کھجور اور پانی رکھتے ہیں کیونکہ انہیں کسی بھی وقت جان بچانے والی ادویات پہنچانے کی کال موصول ہو سکتی ہے۔
علی عابد کے مطابق افطار سے ایک گھنٹہ قبل کا وقت سب سے زیادہ مشکل ہوتا ہے، تاہم وہ اپنی ذمہ داری کو ترجیح دیتے ہوئے خدمات جاری رکھتے ہیں۔







