
خلیج اردو
اسلام آباد: پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے قوم سے خطاب میں عوام کو بڑی خوشخبری سنادیں۔۔ پٹرول اور ڈیزل کی قیمت 10 روپے فی لیٹر اور بجلی کے یونٹ میں 5 روپے فی یونٹ کمی کااعلان کردیا۔
مسٹر خان نے اوورسیز پاکستانیوں کو سرمایہ کاری پر ٹیکس چھوٹ دینے کا اعلان بھی کر دیا ہے۔
قوم سے خطاب میں میں عمران خان نے کہاکہ احساس پروگرام کے تحت ملنے والے 12ہزار روپے بڑھا کرچودہ ہزارروہے کررہے ہیں ۔ گریجویٹ نوجوانوں کو 30 ہزار روپے کی انٹرن شپس اور اڑتیس ارب روپے مالیت کے چھبیس لاکھ وظائف بھی لارہے ہیں ۔
عالمی مہنگائی اور حالیہ روس یوکرین تنازع کے پس منظر میں بات کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہورہا ہے۔ جو لوگ تنقید کررہے ہیں ان سے کہوں گا حل پیش کریں۔
مسٹر خان نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن تنقیدکرتی ہےان کےپاس کیاحل ہے اگر اپوزیشن کےپاس تیل کی قیمتوں کی کوئی تجویز ہےتو بتائے۔
عمران خان نے اعلان کیا کہ آئی ٹی سیکٹر میں فری لانسرز اور کمپنیوں کو 100فیصدٹیکس معاف کر دیا ہے، آئی ٹی سیکٹرمیں فارن ایکسچنج کی موومنٹ پر100فیصدچھوٹ دےدی گئی ہے، آئی ٹی اسٹارٹ اپ کو 100 فیصدکیپٹل گین ٹیکس پرچھوٹ دےدی گئی ہے۔
حالیہ کشیدہ صورت حال پر دورہ روس کی وجہ بتاتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ روس سے ہمیں20 لاکھ ٹن گندم اور گیس درآمد کرنی ہے روس میں دنیا کی 30 فیصد گیس ہے جس کی ضرورت پاکستان کو ہے۔
انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ پاکستان ایک آزاد خارجہ پالیسی پر قائم ہو اور ہم بیرونی دباؤ کے بجائے اپنے قومی مفاد میں فیصلے کریں۔







