
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات میں طلبہ کی کلاس رومز میں واپسی کا امکان پیدا ہو گیا ہے، جہاں معروف تعلیمی ادارہ تعلیم گروپ نے 30 مارچ سے سکولز کھولنے کیلئے درخواست دے دی ہے۔
رپورٹس کے مطابق اگر منظوری مل جاتی ہے تو دبئی اور ابو ظہبی میں ہزاروں طلبہ دوبارہ سکولوں کا رخ کر سکیں گے، تاہم یہ فیصلہ متعلقہ اداروں کی اجازت سے مشروط ہے۔ ان اداروں میں نالج اینڈ ہیومن ڈیولپمنٹ اتھارٹی، ابو ظہبی ڈیپارٹمنٹ آف ایجوکیشن اینڈ نالج اور وزارت تعلیم یو اے ای شامل ہیں۔
تعلیم گروپ کے سی ای او ایلن ولیمسن کا کہنا ہے کہ طلبہ، والدین اور اساتذہ کی سلامتی اولین ترجیح ہے، اور ہر فیصلہ محتاط جائزے کے بعد کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کچھ والدین بچوں کو سکول بھیجنے کیلئے تیار ہیں، جبکہ بعض اب بھی محتاط رویہ اختیار کر رہے ہیں۔
ادارے کی جانب سے والدین سے رائے لینے کیلئے سوالنامہ بھی جاری کیا گیا ہے تاکہ مختلف آراء کو مدنظر رکھتے ہوئے حتمی حکمت عملی ترتیب دی جا سکے۔
حکام کے مطابق سکولوں کی جانب سے حفاظتی اقدامات اور ہنگامی منصوبہ بندی کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے، جبکہ کسی بھی تبدیلی کی صورت میں فوری ردعمل دینے کی صلاحیت بھی یقینی بنائی جا رہی ہے۔
تعلیم گروپ نے واضح کیا ہے کہ اگر سکول کھولنے کی اجازت مل بھی جاتی ہے تو ہائبرڈ اور آن لائن تعلیم کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ والدین کو انتخاب کا اختیار حاصل رہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق کلاس رومز میں واپسی کا فیصلہ تعلیمی تسلسل اور طلبہ کی ذہنی صحت کیلئے اہم ہو سکتا ہے، تاہم موجودہ حالات میں احتیاط اور لچکدار پالیسی ناگزیر رہے گی۔







